بین الاقوامی

مدینہ منورہ پرحوثیوں کے میزائل حملہ کی کوشش

قطر، کویت، بحرین، اردن اور عمان کی جانب سے سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی، عرب اتحاد کا مدینہ منورہ کی طرف داغے گئے بیلسٹک میزائل اور مشرقی علاقے میں ڈرون کو فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ

دوحہ (یو این آئی) چار ممالک کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ حملے کی یہ کوشش سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کے حوالے سے ان کے جذبات اور حساسیت کو نشانہ بناتی ہے۔

بیان میں، قطر نے مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کو مسلمانوں کے جذبات کو کھلے عام بھڑکانے، شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔دوحہ انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کی سلامتی، قطر اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی مشترکہ سلامتی کا ایک لازمی حصہ ہے۔

حملے کی اس کوشش کو سعودی عرب کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کویت نے کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے، اور ریاض کی جانب سے اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا۔

بحرین نے بھی حوثیوں کی جانب سے مدینہ منورہ پر بیلسٹک میزائل حملے اور سعودی عرب کے مشرقی علاقے پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کی۔اقوامِ متحدہ کی قرارداد51 کے تحت ریاض کے اپنے دفاع کے جائز حق کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بحرین نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ حوثیوں کے حملوں کو روکنے کے لیے سخت اور روک تھام کے اقدامات کرے۔

دوسری جانب اردن نے کہا کہ مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوشش نے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کو خطرے میں ڈالا ہے۔عمان انتظامیہ نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اس کے تمام اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا۔

عرب اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ایک بیان میں بتایا تھا کہ اتحادی افواج نے مدینہ منورہ کی طرف بھیجے گئے حوثیوں کے ایک بیلسٹک میزائل اور مشرقی علاقے میں ایک ڈرون کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا ہے۔حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے دمام شہر میں شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ڈرون سے نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے فضائی ٹریفک میں خلل پڑا۔

یمن ستمبر 2014 سے اس وقت سے خانہ جنگی کا شکار ہے جب حوثیوں نے دارالحکومت صنعا اور کچھ دیگر صوبوں پر قبضہ کر لیا تھا۔سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد مارچ 2015 سے یمن کی اس حکومت کی حمایت کر رہا ہے جسے بین الاقوامی برادری تسلیم کرتی ہے۔یمن میں حکومتی افواج اور حوثیوں کے درمیان حالیہ دنوں میں جھڑپوں میں تیزی آئی ہے، جبکہ حوثی خود پر حملوں کا دعویٰ کرتے ہوئے سعودی عرب کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنا رہے ہیں۔