شمالی غزہ کے علاقے زیتون میں چار ا سرائیلی فوجی ہلاک
مقبوضہ فلسطین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چار ا سرائیلی فوجی ہلاک کر دیے گئے۔ ان فوجیوں کی ہلاکت کا واقعہ شمالی غزہ میں پیش آیا ہے۔
غزہ: مقبوضہ فلسطین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چار ا سرائیلی فوجی ہلاک کر دیے گئے۔ ان فوجیوں کی ہلاکت کا واقعہ شمالی غزہ میں پیش آیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ان چار فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاکتیں ایک سکول کے نزدیک دھماکے کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔
بیان کے مطابق چاروں اسرائیلی فوجی اسی واقعے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ ایک ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے دھماکے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ شمالی غزہ کے علاقے زیتون میں پیش آیا ہے۔ فوجی بیان کے مطابق یہ علاقہ جنوبی غزہ کے قریب تر واقع ہے۔
العربیہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے چار اہلکاروں کی ہلاکت کے علاوہ ایک اور واقعے میں دو فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔ ان زخمیوں میں ایک فوجی افسر بھی شامل ہے۔ یہ واقعہ بھی ایک دھماکے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔
علاوہ ازیں جنوبی غزہ میں ایک جھڑپ کے دوران بھی اسرائیلی فوج نے دو فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔ جھڑپ میں دو فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد انہیں بحفاظت وہاں سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔
دوسری جانب عسکری گروپوں نے بھی جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کے ساتھ ہونےوالی جھڑپوں کے بارے میں بیانات جاری کیے ہیں۔ یہ جھڑپیں جنوبی غزہ کے علاقےمیں ہوئی ہیں۔
اسلامی جہاد گروپ کےالقدس بریگیڈ نے شمالی غزہ میں زیتون کے علاقے میں ایک ڈیوائس کے ذریعے دھماکہ کرنے کے واقعہ کی اطلاع دی ہے۔ القدس بریگیڈ کے مطابق ڈیوائس کے زریعے زمین میں دبائی گئی بارودی سرنگوں کو دھماکے سے اڑایا گیا۔ یہ دھماکہ زیتون نامی علاقے کے پڑوس میں ہونے کا بتایا گیا ہے۔
حماس کے عسکری بازو القسام بریگیڈ نے اطلاع دی ہے کہ اس نے مشرقی رفح میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد کو زخمی کیا ہے۔ رفح جنوبی غزہ کا آخری اور سرحدی شہر ہے۔ جہاں منگل کے روز سے اسرائیلی فوج نے ٹینکوں کے ذریعے باقاعدہ چڑھائی کر رکھی ہے۔
واضح رہے 27 اکتوبر کو جب سے اسرائیلی فوج غزہ میں زمین پر اتری ہے اسکے 271 فوجی مارے گئے ہیں۔ جبکہ جنگ کا آغاز سات اکتوبر 2023 سے ہوا تھا۔ پہلے بیس دن تک اسرائیلی فوج نے صرف فضا سے بمباری کی اور 27 اکتوبر کو زمینی جنگ شروع کی تھی۔