شمالی بھارت

این ڈی اے کو 150 نشستیں تک نہیں ملیں گی: راہول گاندھی

کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیر کے دن دعویٰ کیا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو جاریہ لوک سبھا الیکشن میں 150 نشستیں تک نہیں ملیں گی اور یہ الیکشن دستور بچانے کے لئے ہے جسے بھگوا جماعت اور آر ایس ایس بدلنا چاہتی ہے۔

علی راج پور (مدھیہ پردیش): کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیر کے دن دعویٰ کیا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو جاریہ لوک سبھا الیکشن میں 150 نشستیں تک نہیں ملیں گی اور یہ الیکشن دستور بچانے کے لئے ہے جسے بھگوا جماعت اور آر ایس ایس بدلنا چاہتی ہے۔

متعلقہ خبریں
اے پی کے عوام کا فیصلہ قبول:شرمیلا
بہار کو خصو صی موقف کے مطالبہ پر بحث تکرار
کسانوں کے قرض معافی، عثمان الہاجری کا دورہ گڈی ملکاپور ترکاری مارکٹ، کاشتکاروں سے ملاقات و شال پوشی
منی پور کا مسئلہ پارلیمنٹ میں پوری طاقت سے اٹھایا جائے گا: راہول گاندھی
میں آسام کے سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑا ہوں:قائد اپوزیشن

مدھیہ پردیش کی لوک سبھا نشست رتلام۔ جھابوا کے تحت ضلع علی راج پور کے ایک ٹاؤن میں انتخابی ریالی سے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس حکومت یقینی بنائے گی کہ ریزرویشن کی 50 فیصد کی بالائی حد ہٹ جائے۔ کانگریس کے سابق صدر نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کی پھر وکالت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے لوگوں کا پورا موقف سامنے آجائے گا اور ملک میں سیاست کی سمت بدل جائے گی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی قائدین پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ کتاب (دستور) بدل دیں گے۔ وہ اب کی بار 400 پار کا نعرہ دے چکے ہیں۔

400 چھوڑئیے انہیں 150 نشستیں تک نہیں ملیں گی۔ یہ لوک سبھا الیکشن دستور کو بچانے کے لئے لڑا جارہا ہے جسے بی جے پی اور آر ایس ایس بدلنا اور پھینک دینا چاہتی ہیں۔ کانگریس اور اپوزیشن انڈیا اتحاد‘ دستور کی حفاظت کررہا ہے۔ دستور کی بدولت ہی دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو فوائد مل رہے ہیں۔

قبائلیوں کو پانی‘ زمین اور جنگلوں پر حق دستور کی وجہ سے ہی حاصل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی عوام کے حقوق چھین لینا چاہتے ہیں۔ بی جے پی قائدین‘ قبائلیوں‘ دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو ملنے والا ریزرویشن چھین لینے کی بات کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اسٹیج سے میں آپ سے کہنا چاہوں گا کہ ریزرویشن چھین لینے کی بات چھوڑئیے ہم تو 50 فیصد سے زائد ریزرویشن دینے والے ہیں۔ عدالت نے اسے 50 فیصد تک محدود کررکھا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس حکومت قبائلیوں‘ دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو ان کی ضرورتوں کے مطابق ریزرویشن دینے کے لئے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو آدی واسی کہتے ہیں۔ آپ اراضی اور جنگل کے پہلے مالک ہیں۔ آپ کے حقوق کے تحفظ کے لئے فاریسٹ رائٹس ایکٹ پر عمل درآمد ہوگا۔ انڈیا اتحاد برسراقتدار آنے پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کراکر رہے گا۔ یہ انقلابی کام ہوگا جو ہم کرنے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی نے جھوٹ بولا کہ ان کی حکومت ہر سال نوجوانوں کو 2 کروڑ نوکریاں دے گی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس‘ ملک میں کروڑہا لوگوں کو لکھ پتی بنانا چاہتی ہے۔ مہالکشمی یوجنا کے تحت غریب عورتوں کو سالانہ 1 لاکھ روپے ان کا کنبہ غربت سے نکلنے تک دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بنتے ہی کسانوں کا قرض معاف کردیا جائے گا۔ انہوں نے منریگا کے تحت یومیہ اجرت 250 روپے سے بڑھاکر 400 روپے کرنے کا بھی اعلان کیا۔

a3w
a3w