تلنگانہ

عادل آباد کے رِمس اسپتال سے چار وینٹی لیٹرس چوری، سکیورٹی انتظامات پر سوالات

تلنگانہ کے عادل آباد میں واقع راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (رِمس) اسپتال میں سکیورٹی کی بڑی کوتاہی سامنے آئی ہے، جہاں مختلف وارڈس سے چار وینٹی لیٹرس چوری کرلیے گئے۔

عادل آباد: تلنگانہ کے عادل آباد میں واقع راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (رِمس) اسپتال میں سکیورٹی کی بڑی کوتاہی سامنے آئی ہے، جہاں مختلف وارڈس سے چار وینٹی لیٹرس چوری کرلیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق، گزشتہ ماہ کی 30 تاریخ کو اسپتال کے دوسرے منزل پر واقع آر آئی سی یو چیسٹ وارڈ سے دو اور ٹی بی وارڈ سے مزید دو وینٹی لیٹرس چوری ہوئے۔

اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں دو مشتبہ افراد کو چوری میں ملوث دیکھا گیا ہے۔ اس واقعہ نے اسپتال کے سکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، اسپتال کے عملے نے مبینہ طور پر اس واقعہ کی اطلاع باہر جانے سے روکنے کی کوشش کی۔ اس سے قبل بھی اسپتال میں مریضوں کے رشتہ داروں کے موبائل فون اور دو پہیہ گاڑیوں کی چوری کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

واقعہ کے بعد اعلیٰ عہدیداروں نے ڈیوٹی ڈاکٹرس اور سکیورٹی عملے سمیت 10 افراد کو میموز جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے۔

دوسری جانب، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ چوری میں ملوث افراد کی شناخت اور وینٹی لیٹرس کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔

اس واقعہ کے بعد اسپتال میں قیمتی طبی آلات کی حفاظت اور سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت بنانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔