محرم کے جلوس میں فلسطینی پرچم لہرانے پر چار نوجوان گرفتار
مدھیہ پردیش کے کھنڈوا ضلع ہیڈکوارٹر میں محرم کے جلوس کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے کے معاملے میں پولیس نے چار نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔
کھنڈوا: مدھیہ پردیش کے کھنڈوا ضلع ہیڈکوارٹر میں محرم کے جلوس کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے کے معاملے میں پولیس نے چار نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے نوجوانوں کے خلاف احتیاطی کارروائی کی اور ان سے متنازعہ جھنڈا بھی برآمد کرلیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج راج نے بتایا کہ بجرنگ دل کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ کھنڈوا میں تعزیوں کے جلوس کے دوران شیواجی چوک کے پاس ایک لڑکا جھنڈا اٹھائے ہوئے ہے جس کی شناخت فلسطین کے جھنڈے کے طور پر کی گئی ہے۔
اس پر انہوں نے اپنا اعتراض ظاہر کیا اور ان کی شکایت پر موگھٹ تھانے میں مقدمہ درج کر کے معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی۔
انہوں نے تھانہ انچارج موگھٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں اور اگر کچھ عناصر ہیں جنہوں نے جان بوجھ کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہے تو ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
موگھٹ پولیس اسٹیشن کے انچارج سنجے پاٹھک نے بتایا کہ فی الحال اس ویڈیو میں نظر آنے والے چار نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے خلاف احتیاطی کارروائی کی جارہی ہے۔ ان کے پاس سے متنازع پرچم بھی برآمد ہوا ہے۔ اس معاملے کا جائزہ لینے کے بعد مزید سیکشنز کا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
دراصل، یہ واقعہ کل شیواجی چوک پر محرم کے دوران تعزیوں کے جلوس کے دوران پیش آیا۔ جہاں تعزیوں کے سامنے ایک ڈھول اور تاشے کے ساتھ اکھاڑوں میں ایک نوجوان بڑا سا جھنڈا لہرانا شروع کر دیا۔ اس پرچم کی شناخت فلسطین کے پرچم کے طور پر کی گئی۔