بھارت

کانگریس قائدین کے سوشل میڈیا ڈسپلے پر نہرو کی تصویر

کانگریس اور اس کے کئی قائدین بشمول راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا نے چہارشنبہ کے دن اپنی سوشل میڈیا ڈسپلے تصاویر ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کی امیج سے بدل دی جس میں انہیں قومی پرچم تھامے دیکھا جاسکتا ہے۔

نئی دہلی: کانگریس اور اس کے کئی قائدین بشمول راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا نے چہارشنبہ کے دن اپنی سوشل میڈیا ڈسپلے تصاویر ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کی امیج سے بدل دی جس میں انہیں قومی پرچم تھامے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایک دن قبل وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے کئی قائدین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر ترنگا کو اپنی پروفائل پکچر بنایا تھا۔ کانگریس قائدین اور پارٹی کے آفیشل ہینڈل پر نہرو کی تصویر ٹویٹر اور یگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر ڈسپلے پکچر کے طورپر لگادی گئی۔

نہرو کی جو تصویر لگائی گئی وہ فوٹوشاپ کردہ لگتی ہے کیونکہ پنڈت نہرو کی بلیک اینڈ تصویر میں ترنگا رنگین ہے۔ کانگریس قائدجئے رام رمیش نے وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے پوچھا کہ آیا وہ تنظیم ترنگا کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پروفائل پکچر بنانے کی آپ کی بات مانے گی جس نے ناگپور میں اپنے ہیڈکوارٹرس پر 52 سال تک قومی پرچم نہیں لہرایا۔

انہوں نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ 1929میں کانگریس کے لاہور سیشن میں پنڈت نہرو نے دریائے راوی کے کنارے پرچم لہراتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کو پھر یاد رکھنا ہوگا کہ یہ پرچم اب لہرایا جاچکا ہے۔ ایک ایک ہندوستانی مرد‘ عورت اور بچہ کے زندہ رہنے تک اس ترنگے کا وقار نہیں گھٹنا چاہئے۔

جئے رام رمیش نے کہا کہ ہم اپنے قائد نہرو کی ڈی پی لگارہے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ وزیراعظم مودی کاپیام ان کے اپنے پریوار تک نہیں پہنچا ہے۔ انہوں نے پالسٹر کے بنے پرچموں کی اجازت دینے فلیگ کوڈ میں تبدیلی کے لئے بھی بی جے پی پر طنز کیا۔

انہوں نے نہرو کی تصویر کے حوالہ سے کہا کہ دیکھو اس میں پرچم کھادی کا ہے۔ کانگریس میڈیا انچارج پون کھیڑا نے کہا کہ سنگھ پریوار کے لوگوں نے کم ازکم اب ترنگے کو اپنا لیا ہے۔