سوشیل میڈیابین الاقوامی

نازک سی نظر آنے والی لڑکی نے اکیلے ہی چور کو دھول چٹا دی (ویڈیو وائرل)

خاتون نے تب تک چور کو دبوچ کر رکھا جب تک ریسٹورینٹ کے عملے نے پولیس کو اطلاع دے کر موقع پر نہیں بلا لیا۔ بعد ازاں خاتون کا کہنا تھا کہ اس نے یہ داؤ کسی سے سیکھا نہیں تھا بلکہ اس وقت کی صورتحال نے اسے مجبور کیا کہ وہ فوری طور پر کوئی قدم اٹھائے۔

اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ چور خواتین کو آسان ہدف سمجھ کر ان پر حملہ کرتے ہیں یا ان کا سامان چھیننے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن کبھی کبھار حالات بالکل الٹ بھی پڑ جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تازہ ویڈیو میں ایسا ہی حیرت انگیز منظر دیکھنے کو ملا، جہاں ایک نازک سی نظر آنے والی خاتون نے تنہا ہی ایک چور کو ایسا دبوچا کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے۔

یہ واقعہ کو اسٹا ریکا کے ایک ریسٹورینٹ میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق خاتون ناشتہ کر کے بل ادا کر رہی تھی کہ اسی دوران ایک شخص پیچھے سے آیا اور اس کا بیگ چھیننے کی کوشش کی۔ لیکن خاتون نے حاضر دماغی اور ہمت دکھاتے ہوئے فوراً چور پر قابو پا لیا اور پل بھر میں اسے زمین پر گرا دیا۔

ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نے چور کو قابو کرنے کے لیے ’’ٹرائنگل چوک‘‘ (Triangle Choke) نامی برازیلیائی جِیو جِتسو تکنیک کا استعمال کیا۔ یہ داؤ عموماً پیشہ ور فائٹرز استعمال کرتے ہیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس خاتون نے باقاعدہ کوئی ٹریننگ نہیں لی تھی، لیکن اس نے انتہائی درستگی کے ساتھ یہ وار کیا اور چور کی سانسیں اٹک گئیں۔

خاتون نے تب تک چور کو دبوچ کر رکھا جب تک ریسٹورینٹ کے عملے نے پولیس کو اطلاع دے کر موقع پر نہیں بلا لیا۔ بعد ازاں خاتون کا کہنا تھا کہ اس نے یہ داؤ کسی سے سیکھا نہیں تھا بلکہ اس وقت کی صورتحال نے اسے مجبور کیا کہ وہ فوری طور پر کوئی قدم اٹھائے۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر @PicturesFoIder نامی پیج سے شیئر کیا گیا، جسے اب تک دو لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ ہزاروں لوگوں نے اس پر تبصرے کیے اور خاتون کی بہادری کو سلام پیش کیا۔

کسی صارف نے لکھا:

’’تیز سوچ اور صحیح وقت پر صحیح عمل… یہی اصل طاقت ہے۔‘‘

جبکہ ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا:

’’یہ چور کے لیے شرمندگی اور لڑکی کے لیے فخر کی بات ہے۔‘‘