تلنگانہ

ایجنٹس کی دھوکہ دہی، تلنگانہ کے پانچ نوجوانوں کیخلاف دبئی میں مقدمہ

ان پانچ نوجوانوں میں چار کا تعلق راجنا سرسلہ ضلع اور ایک کا نظام آباد سے ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو جاری کیا جس میں انہوں نے خلیجی ملک میں ان کو درپیش مسائل سے واقف کروایا۔

حیدرآباد: دبئی ایرپورٹ پر پھنسے تلنگانہ کے پانچ نوجوانوں نے ان کی بحفاظت وطن واپسی کے کے لئے ریاست کے وزیرآئی ٹی تارک راما راؤ سے مدد کی درخواست کی ہے۔

ان پانچ نوجوانوں میں چار کا تعلق راجنا سرسلہ ضلع اور ایک کا نظام آباد سے ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو جاری کیا جس میں انہوں نے خلیجی ملک میں ان کو درپیش مسائل سے واقف کروایا۔

انہوں نے کہاکہ دبئی کی ایک کمپنی نے راجنا سرسلہ، ویمل واڑہ اور نظام آباد میں اپنے ایجنٹس کے ذریعہ انٹرویو منعقد کیا۔ بعدازاں ان کو ملازمت کے لئے دبئی لے جایاگیا۔ تاہم ان سے ملازمت اورتنخواہوں کے سلسلہ میں ایجنٹس نے ہندوستان میں جو یقین دہانی کروائی وہ نہیں دی گئی۔

اس مسئلہ پر ان کی بحث وتکرار کمپنی کے نمائندوں سے ہوگئی جس پر وہاں پولیس کو طلب کرتے ہوئے حالت نشہ میں ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف معاملہ درج کروایاگیا۔

جب مایوس نوجوان اپنے پاسپورٹ اور ٹکٹ لے کر وطن واپسی کیلئے ایرپورٹ پر پہنچے تو پولیس نے ان کو یہ کہتے ہوئے روک دیا کہ ان کے خلاف دبئی میں مقدمہ درج ہے اور وہ ہندوستان واپس نہیں جاسکتے۔

ان نوجوانوں نے ریاستی وزیر این آر آئی امور کے تارک راما راؤ کو ایک ویڈیو بھیجتے ہوئے ان کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔