میگا اسٹار سلمان خان کو تازہ دھمکی
ممبئی کی ورلی پولیس نے بالی ووڈ میگا اسٹار سلمان خان کو دی گئی جبری وصولی اور جان سے ماردینے کی تازہ دھمکی کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ممبئی: (آئی اے این ایس) ممبئی کی ورلی پولیس نے بالی ووڈ میگا اسٹار سلمان خان کو دی گئی جبری وصولی اور جان سے ماردینے کی تازہ دھمکی کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں یہ بات بتائی۔ ممبئی ٹریفک کنٹرول روم کو ایک نامعلوم پیام موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ اگر سوپر اسٹار 2 کروڑ روپے کی ادائیگی میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں ہلاک کردیا جائے گا۔ ورلی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامعلوم شخص کے خلاف جبری وصولی اور جان سے مارڈالنے کی دھمکی کا کیس درج کرلیا اور تحقیقات شروع کردیں۔
ممبئی پولیس نے ایک 20 سالہ نوجوان محمد طیب عرف غفران خان کو پیر کے روز اترپردیش کے نوئیڈا علاقہ سے گرفتار کیا تھا جس نے سلمان خان اور این سی پی لیڈر ذیشان صدیقی دونوں کو دھمکی دی تھی۔غفران خان کو نوئیڈا سے ٹرانزٹ ریمانڈ پر ممبئی لایا جارہا ہے اور یہاں ایک مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
چند دن پہلے ممبئی پولیس نے جمشیدپور (جھارکھنڈ) کے ایک سبزی فروش 24 سالہ شیخ حسین محسن کو پکڑا تھا۔ اس پر اداکار کو 5 کروڑ روپے کی جبری وصولی کی دھمکی دینے کا الزام تھا۔ چاروں طرف سے گھرے ہوئے سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو گزشتہ چند برسوں کے دوران کئی مرتبہ جان سے مارڈالنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔
شبہ ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کے چند ارکان نے باندرہ ویسٹ میں واقع ان کے گھر گیلکسی اپارٹمنٹس پر فائرنگ کی تھی۔ 12 اکتوبر کو اداکار کے قریبی دوست اور سیاستداں بابا ضیاء الدین صدیقی کو دسہرہ تہوار کے دوران ان کے دفتر کے قریب گولی مارکر ہلاک کردیا گیا تھا۔
ممبئی پولیس نے کوئی جوکھم مول نہ لیتے ہوئے سلمان خان کے گھر کے اطراف و اکناف اضافی سیکوریٹی تعینات کردی ہے اور ان کی شخصی سیکوریٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ ان کے گھر‘ دفتر اور شوٹنگ کے لئے جانے کے دوران ان کی سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے۔ اداکار نے حال ہی میں اپنے تحفظ کے لئے ایک گن لائسنس حاصل کیا ہے۔