شمالی بھارت

یو پی کے بہرائچ میں بھیڑئیے کا تازہ حملہ، لڑکا زخمی

مہسی تحصیل میں یہاں ایک لڑکا جو اپنے مکان کے باہر کھیل کود میں مصروف تھا، بھیڑئیے کے حملہ میں زخمی ہوگیا۔ اس کے ارکان خاندان نے آج یہ الزام عائد کیا۔

بہرائچ(یوپی): مہسی تحصیل میں یہاں ایک لڑکا جو اپنے مکان کے باہر کھیل کود میں مصروف تھا، بھیڑئیے کے حملہ میں زخمی ہوگیا۔ اس کے ارکان خاندان نے آج یہ الزام عائد کیا۔

8سالہ لڑکے کے جسم اور چہرے پر زخم آئے ہیں اور اسے ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 2ماہ کے دوران بہرائچ میں 8 اموات درج کی گئی ہیں، جن میں بھیڑیوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے 7 بچوں کی اموات بھی شامل ہیں جبکہ دیگر تین درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ تازہ واقعہ مہسی تحصیل کے گولوا گاؤں میں جمعرات کی شام پیش آیا۔ یہ دیہی علاقہ شہر سے کسی قدر قریب لیکن ان تمام علاقوں سے دور ہے، جہاں اِس سے پہلے حملے ہوئے ہیں۔ سنگم لال کی ماں پھول متی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ لڑکا گھر کے دروازہ کے قریب کھیل رہا تھا، بھیڑئیے نے اچانک اس پر حملہ کرتے ہوئے اسے زخمی کردیا۔

جیسے ہی بھیڑئیے نے اس پر حملہ کیا، لڑکے نے چیخ و پکار شروع کردی۔ اس کی چیخیں سنتے ہی ہم باہر بھاگے، ہماری آوازیں سن کر بھیڑیا بچے کو چھوڑ کر بھاگ گیا۔ ہم سب نے بھیڑئیے کو بھاگتے ہوئے دیکھا۔

مقامی میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سنجے کھتری نے بتایا کہ بھیڑئیے نے لڑکے پر پیچھے سے حملہ کیا۔ لڑکے کو میڈیکل کالج میں شریک کرلیا گیا ہے اور وہ زیر علاج ہے۔ اس کے گال اور گردن پر زخم آئے ہیں اور دو ٹانکے لگائے گئے ہیں۔ لڑکے کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔