آندھرا پردیش میں گروہی تصادم کے واقعات، ایک گھر کے 3 افراد ہلاک
آندھرا پردیش کے ضلع کاکیناڈا میں دو گروپس میں تصادم کے نتیجہ میں 3افراد جن میں ایک شخص، ان کا بیٹا اور پوتا شامل ہے، ہلاک ہوگئے۔
امراوتی (آئی اے ا ین ایس) آندھرا پردیش کے ضلع کاکیناڈا میں دو گروپس میں تصادم کے نتیجہ میں 3افراد جن میں ایک شخص، ان کا بیٹا اور پوتا شامل ہے، ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے جمعہ کے روز یہ بات بتائی۔
ضلع کے کاجو لو رو منڈل کے موضع سلاپا کامیں دیوالی تقاریب کے دوران کل شب یہ واقعہ پیش آیا۔ دونوں گروپس نے ایک دوسرے پر چاقو، درانتی اور تیز دھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ٹرپل قتل، دونوں گروپوں میں قدیم مخاصمت کی وجہ ہوسکتی ہے۔
ایک خاندان کے 3نسلوں کے افراد کے قتل سے صدمہ کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے خون میں لت پت تین لاشوں کو پایا۔ ان تینوں کے سروں کو کچلا گیا جبکہ ان کے ہاتھوں میں درانتیاں تھیں۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شبہ کیا جارہا ہے کہ قدیم دشمنی اور مہلوکین کے افراد خاندان کی جانب سے ملزمین کے افراد خاندان کے خلاف تضحیک آمیز تبصروں کی وجہ سے یہ قتل کی واردات پیش آئی ہے۔
پولیس عہدیدار نے کہا کہ توہین آمیز تبصروں کے دوران گروپوں میں بحث وتکرار ہوئی اور یہ گروپس جو حالت نشہ میں تھے، ایک دوسرے پر حملہ آور ہوئے۔ مہلوکین کی شناخت، باتھولا رمیش، ان کا بیٹا بالاتھولا چنی اور رمیش کا پوترا باتھولا راجو کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولیس کے سینئر عہدیدار فوری گاؤں پہونچے کیونکہ اس واقعہ کے بعد گاؤں میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ امکانی تشدد کو روکنے کیلئے گاؤں میں پولیس کو تعینات کردیا گیا۔ پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ حملہ کے بعد فرار ملزمین کو پکڑنے کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ دریں اثنا گنٹور میں ایک فاسٹ فوڈ سنٹر پر دونوں گروپوں میں تصادم کے نتیجہ میں 2 نوجوان زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ ضلع کے تاڈے پلی منڈل کے گاؤں اوندا ویلی میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ کسی مسئلہ پر بحث وتکرار کے بعد یہ دو گروپس نے بلیڈس سے ایک دوسرے پر حملہ کردیا۔ ضلع پرکاشم میں طلبہ کے دو گروپس آپس میں متصادم ہوگئے۔ 3انجینئرنگ کالجوں کے طلبہ نے دار مڈگو کے قریب ایک دوسرے پر حملہ کردیا جس کے سبب اس تصادم میں چند طلبہ زخمی ہوگئے۔