ایشیاء

جنرل عاصم منیر کا جبر بڑھتا جارہا ہے: عمران خان

جیل میں بند سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہفتہ کے دن فوجی سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پر تازہ تنقید میں الزام عائد کیا کہ وہ اپنی حکمرانی کو طول دینے کے لئے لوگوں پر جبر کررہے ہیں۔

لاہور (پی ٹی آئی) جیل میں بند سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہفتہ کے دن فوجی سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پر تازہ تنقید میں الزام عائد کیا کہ وہ اپنی حکمرانی کو طول دینے کے لئے لوگوں پر جبر کررہے ہیں۔

پاکستان تحریک ِ انصاف کے سربراہ نے عاصم منیر پر غیرمعلنہ مارشل لا نافذ کرنے‘ گزشتہ برس فروری کے الیکشن میں عوام کا خط ِ اعتماد چراکر شہباز شریف کی کٹھ پتلی حکومت بنانے اور پی ٹی آئی ورکرس پر ظلم و زیادتی کرنے کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ آج عاصم منیر اپنی حکمرانی کو طول دینے کے لئے پاکستان کے عوام پر جبر کررہا ہے‘ اس طرح وہ ملک کو کمزور کررہا ہے۔ منیر اینڈ کمپنی نے عوام کا خط ِ اعتماد چرایا تھا۔ یہ کمپنی آج خوف زدہ ہے۔ خوف کے باعث وہ ہم پر جبر بڑھاتی جارہی ہے۔

عمران خان نے یہ بھی الزام عائدکیا کہ انہیں اور ان کی بیگم بشریٰ بی بی کو قیدتنہائی میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے توڑنے کی کوشش کا اصل مقصد عوام کی آواز خاموش کرنا ہے۔

یہ وہی رویہ ہے جو جنرل یحییٰ خان نے 1971 میں سقوط ِ ڈھاکہ کے وقت کررکھا تھا۔ عمران خان‘سابق فوجی سربراہ جنرل یحییٰ خان کا حوالہ دے رہے تھے جن کے دور میں مشرقی پاکستان میں خانہ جنگی ہوئی تھی جس کے نتیجہ میں آزاد ملک بنگلہ دیش وجود میں آیا تھا۔