امریکہ و کینیڈا

ناخنوں کے بغیر پیدا ہونے والی لڑکی، حیرت انگیز ویڈیو

پیدائش کے وقت کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ کسی بچے کے ہاتھ یا پیروں کی چھ انگلیاں ہوتی ہیں، تاہم ایک لڑکی ایسی بھی ہے پیدائشی طور پر جس کے ناخن ہی نہیں ہیں۔

واشنگٹن: پیدائش کے وقت کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ کسی بچے کے ہاتھ یا پیروں کی چھ انگلیاں ہوتی ہیں، تاہم ایک لڑکی ایسی بھی ہے پیدائشی طور پر جس کے ناخن ہی نہیں ہیں۔

امریکہ سے تعلق رکھنے والی مشہور ٹک ٹاکر اینابیل ایڈریسن میں پیدائشی طور پر ایک چھوٹی سی کمی ہے اور وہ یہ کہ ان کے بائیں پیر کی انگلیوں کے ناخن سرے سے موجود ہی نہیں ہیں۔ ڈاکٹر پیدائش کے وقت ان کی یہ حالت دیکھ کر حیران تھے کیوں کہ اس طرح کے واقعات نایاب ہوتے ہیں۔

اینابیل کے والدین بھی یہ دیکھ کر پریشانی میں مبتلا ہوگئے کہ آیا بچی چل پھر سکے گی یا نہیں لیکن اینابیل جسمانی طور پر بلکل صحت مند ہیں۔ اینابیل کے مطابق اس طرح کے نقص کے ساتھ زندگی گزارنا بحیثیت ایک لڑکی کافی مشکل ہے۔

اس وقت اینابیل 18 سال کی ہیں اور کالج میں زیر تعلیم ہیں اور قسمت کی مہربانی کہیں کہ اپنے اسی نقص کی وجہ سے وہ ایک مشہور ٹک ٹاکر بن چکی ہیں۔ ناخن نہ ہونے کے باعث اینابیل کو ذہنی پریشانی سے بھی گزرنا پڑا۔ اینابیل نے کہا کہ میں تنہا محسوس کرتی تھی۔

مجھے کبھی بھی کوئی ایسا شخص نہیں ملا جو میرے جیسا نظر آتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب میں اسکول میں تھی میں نے لوگوں کے ایک گروپ کو مختلف کہانیاں سنائیں کہ میرے پاؤں کے ناخن کیوں نہیں ہیں، میں نے ایک لڑکی کو بتایا کہ میں نے اپنی انگلیوں پر پینٹ بٹر لگایا اور میرے کتے نے انھیں چاٹ لیا۔

اینا کو ایسی ویڈیو ملی جس میں انھی کی طرح ایک لڑکی کے پیر کے ناخن نہیں تھے، اس کے بعد انھیں خوشی ہوئی کہ وہ دنیا میں تنہا نہیں ہیں۔ اینابیل نے مذکورہ لڑکی کو انسٹاگرام پر پیغام بھی بھیجا اور دونوں میں دوستی ہوگئی۔

قارئین کو یہ بتاتے چلیں کہ ناخنوں کا نہ ہونا ایک نادر پیدائشی نقص ہے جسے امینیٹک بینڈ سنڈروم (اے بی ایس) یا کنسٹرکشن رِنگ سنڈروم بھی کہا جاتا ہے۔