الیکشن کمیشن‘انڈیا بلاک کو ملاقات کا وقت دے: جئے رام رمیش
کانگریس قائد نے کہا کہ میں پھر ایک بار گزارش کرتا ہوں کہ انڈیا اتحاد کی 3-4 رکنی ٹیم کو چند منٹ کی ملاقات کا وقت دیا جائے۔ چند دن قبل اپوزیشن انڈیا بلاک نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی پر سوال اٹھایا تھا۔
نئی دہلی: سینئر کانگریس قائد جئے رام رمیش نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو لکھا ہے کہ انڈیا بلاک قائدین کی ٹیم کو ملاقات کا موقع دیا جائے تاکہ وہ اور ان کے ساتھی وی وی پیاٹ کے تعلق سے اپنی رائے دے سکیں۔
راجیو کمار کے نام مکتوب میں جئے رام رمیش نے لکھا کہ 20 دسمبر 2030 کو انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپوائنٹمنٹ مانگا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ملاقات کی کوشش کررہے ہیں تاکہ وی وی پیاٹ کے سلسلہ میں 19 دسمبر 2023کو منظورہ قرارداد کی کاپی اسے دے سکیں اور اس پر تبادلہ خیال کرسکیں لیکن ہمیں ملاقات کا وقت نہیں ملا۔
کانگریس قائد نے کہا کہ میں پھر ایک بار گزارش کرتا ہوں کہ انڈیا اتحاد کی 3-4 رکنی ٹیم کو چند منٹ کی ملاقات کا وقت دیا جائے۔ چند دن قبل اپوزیشن انڈیا بلاک نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی پر سوال اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وی وی پیاٹ کی پرچیاں رائے دہندوں کو دے دی جائیں اور بعدازاں ان کی 100 فیصد گنتی کی جائے۔