دہلی

کونسلرس کی خریدی کے لئے بی جے پی کا کھیل شروع: سسوڈیا

سسوڈیا نے کہاکہ دنیا کی سب سے بڑی پارٹی اور انتہائی منفی پارٹی کو شکست دیتے ہوئے دہلی کے لوگوں نے اروند کجریوال کے دیانت دارانہ کام کے انداز کو فتح دلائی۔ ہمارے لئے یہ صرف ایک فتح نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔

نئی دہلی: میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) میں عام آدمی پارٹی (عاپ) کے بی جے پی سے اقتدار چھین لینے چہارشنبہ کو قابل لحاظ اکثریت حاصل کرلینے کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منش سسوڈیا نے الزام عائد کیا کہ زعفرانی پارٹی، عاپ کے کونسلرس کو خریدنے کی کوشش کررہی ہے۔ 

سسوڈدیا نے ٹویٹ کرتے ہوئے یہ ادعا کیا کہ عاپ کے نو منتخبہ کونسلرس کو کال کرتے ہوئے بی جے پی نے اپنا کھیل شروع کردیا ہے۔ سسوڈیا نے ٹویٹ کیا ”بی جے پی کا کھیل شروع ہوگیا۔ ہمارے نو منتخبہ کونسلرس کو فون کالس موصول ہورہے ہیں۔ لیکن ہمارا کوئی بھی کونسلر بکے گا نہیں۔

 ہم نے تمام کونسلرس سے کہہ دیا ہے کہ اگر انہیں فون کال آئے یا کوئی ان سے ملاقات کرنے کے لئے آئے تو سارے تبادلہئ خیال کو ریکارڈ کرلیں۔“ چہارشنبہ کو قبل ازیں انتخابی نتائج کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سسوڈیا نے کہا تھا ”ایم سی ڈی میں عام آدمی پارٹی پر بھروسہ کرنے کے لئے دہلی کے لوگوں کوصمیم قلب سے شکریہ۔

دنیا کی سب سے بڑی پارٹی اور انتہائی منفی پارٹی کو شکست دیتے ہوئے دہلی کے لوگوں نے اروند کجریوال کے دیانت دارانہ کام کے انداز کو فتح دلائی۔ ہمارے لئے یہ صرف ایک فتح نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔

“ سسوڈیا نے یہ بھی کہا کہ دہلی کے عوام کا خصوصی شکریہ جنہوں نے بی جے پی کے بدعنوان معاملات کی ناقص حکمرانی کے 15 سالہ دور کا خاتمہ کردیا۔ سسوڈیا نے کہا ”جو لوگ دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعویٰ کئے تھے عاپ کی جانفشانی اور دیانت داری کے آگے شکست کھاگئے۔“