تلنگانہ

اقلیتی نوجوانوں کے لیے بیرونِ ملک ملازمتوں کے سنہری مواقع، درخواستیں طلب

ضلع کلکٹر نے مزید کہا کہ منتخب امیدواروں کو نہ صرف معقول تنخواہیں بلکہ ہوائی جہاز کے ٹکٹ، میڈیکل انشورنس، اوور ٹائم، قیام و طعام جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ تمام تقرریاں قانونی تقاضوں کے مطابق کی جائیں گی تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

محبوب نگر: ضلع کلکٹر محبوب نگر محترمہ خوشبو گُپتا نے اعلان کیا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ مینارٹیز فینانس کارپوریشن اور TOMCOM کے اشتراک سے اقلیتی ہنر مند اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے بیرونِ ملک ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور میں ہنر مند افراد کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اسی پیش نظر آسٹریلیا، عمان، جرمنی، قطر (دوحہ) اور یونان سمیت مختلف ممالک میں پرکشش تنخواہوں کے ساتھ متعدد ملازمتوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں ویلڈر، اسپرے پینٹر، پینل بیٹر اور کار میکانک کے لیے ماہانہ 3.66 لاکھ تا 4 لاکھ روپے تک تنخواہ مقرر ہے۔ عمان میں ڈائریکٹر اسٹڈیز اینڈ ڈیلیوری، چیف پراجیکٹس اینڈ ٹیکنیکل آفیسر، لانڈری اسٹاف، ایگریکلچرل انجینئر اور دیگر عہدوں کے لیے بھی پرکشش تنخواہیں دی جائیں گی۔ جرمنی میں رجسٹرڈ جنرل نرس، ٹرانسمیشن لائن ٹیکنیشن اور الیکٹریشن کے لیے بھی اعلیٰ معاوضہ مقرر ہے۔

اسی طرح قطر میں رجسٹرڈ نرس (مرد و خواتین)، ہوٹل اسٹاف اور دیگر شعبوں میں جبکہ یونان میں ہوٹل ریسیپشنسٹ، اسپا تھراپسٹ، الیکٹریشن، پلمبر اور لائف گارڈز کے لیے بھی درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔

ضلع کلکٹر نے مزید کہا کہ منتخب امیدواروں کو نہ صرف معقول تنخواہیں بلکہ ہوائی جہاز کے ٹکٹ، میڈیکل انشورنس، اوور ٹائم، قیام و طعام جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ تمام تقرریاں قانونی تقاضوں کے مطابق کی جائیں گی تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے اقلیتی نوجوانوں، اداروں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو درخواست دینے کی ترغیب دیں۔

دلچسپی رکھنے والے امیدوار اپنی مکمل تفصیلات اور ضروری اسناد کے ساتھ ضلع اقلیتی بہبود آفس، کمرہ نمبر 205، آئی ڈی او سی، کلکٹریٹ کمپلیکس محبوب نگر میں درخواست جمع کروائیں یا ای میل کے ذریعے اپنا بایوڈیٹا ارسال کریں۔

مزید معلومات کے لیے درج ذیل نمبرز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:
9440048590، 9440049937، 9440051452، 8919047600۔