ایئر انڈیا کے سی ای او کیمبل ولسن کا استعفیٰ
ایئر انڈیا کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسٹر ولسن نے سال 2024 میں ہی ایئر انڈیا کے چیئرمین این چندر شیکھرن کو 2026 میں عہدہ چھوڑنے کے اپنے ارادے سے آگاہ کر دیا تھا، اور تب سے وہ اس بات کو یقینی بنانے میں مصروف تھے کہ تنظیم اور قیادت کی ٹیم اس تبدیلی کے لیے تیار ہو۔
نئی دہلی: ٹاٹا گروپ کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور منیجنگ ڈائریکٹر کیمبل ولسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ایئر لائنز نے منگل کو بتایا کہ نئے سی ای او کی تقرری تک وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ ایئر انڈیا بورڈ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو آنے والے مہینوں میں ان کے جانشین کا انتخاب کرے گی۔
ایئر انڈیا کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسٹر ولسن نے سال 2024 میں ہی ایئر انڈیا کے چیئرمین این چندر شیکھرن کو 2026 میں عہدہ چھوڑنے کے اپنے ارادے سے آگاہ کر دیا تھا، اور تب سے وہ اس بات کو یقینی بنانے میں مصروف تھے کہ تنظیم اور قیادت کی ٹیم اس تبدیلی کے لیے تیار ہو۔
مسٹر چندر شیکھرن نے گزشتہ چار سالوں میں مسٹر ولسن کی قیادت اور خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کے بعد سپلائی چین میں آنے والی رکاوٹوں، نئے طیاروں کی ڈیلیوری میں تاخیر، ریٹروفٹ پروگراموں پر اثرات، جغرافیائی سیاسی اور دیگر چیلنجز کے باوجود انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ثابت قدمی اور عزم کا مظاہرہ کیا۔
مسٹر ولسن نے کہا کہ ان کے چار سالہ دورِ اقتدار میں نجکاری کے بعد ایئر انڈیا میں چار ایئر لائنز کا کامیاب حصول اور انضمام ہوا۔ اس دوران سرکاری شعبے سے نجی شعبے کے کام کرنے کے طریقے کی جانب تبدیلی آئی ہے۔ قیادت کی ٹیم، افرادی قوت، کلچر اور کام کرنے کے طریقوں میں بھی بہتری آئی ہے۔
اس میں سسٹم کی مکمل جدید کاری، نئی مصنوعات کا تعارف، بہتر سروس اسٹینڈرڈز کا نفاذ، اور بیڑے میں 100 اضافی طیاروں کی شمولیت بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران اہم بنیادی ڈھانچے جیسے جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی ٹریننگ اکیڈمی، دو فلائٹ سمیلیٹر سہولیات، ایک فلائنگ اسکول اور ایک نئی دیکھ بھال، مرمت اور اوور ہال کی سہولت کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا "اب جب کہ یہ بنیادی کام مکمل ہو چکے ہیں اور 2027 سے تقریباً 600 طیاروں کے آرڈر کی ڈیلیوری شروع ہونے سے پہلے کا ایک مختصر وقفہ ہے، تو اگلے مرحلے کے لیے ذمہ داری کسی اور کو سونپنے کا یہ بالکل صحیح وقت ہے۔”