مچل سینٹنر کی عمدہ گیندبازی، ہندوستان شکست کے دہانے پر
اگر ہندوستان یہ میچ ہار جاتا ہے تو وہ نہ صرف تین میچوں کی سیریز ہار جائے گا بلکہ اس کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنا بھی مشکل ہو جائے گا۔

پونے: مچل سینٹنر (72 رن پر پانچ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی وجہ سے ہندوستان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہفتہ کو چائے کے وقت تک نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے دہانے پر ہے۔
سینٹنر مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم کی پچ پر ہندوستانیوں کے لیے مصیبت بن کر ابھرے ہیں۔ پہلی اننگ میں سات وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو 103 رنز کی اہم برتری دلانے والے سینٹنر کا خوف ہندوستانیوں پر چھایا ہوا ہے۔
نیوزی لینڈ نے دوسری اننگ میں 255 رنز بنائے اور ہندوستان کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم چائے کے وقت تک سات وکٹیں گنوانے کے بعد کشمکش کی حالت میں تھی۔ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ آخری تسلیم شدہ جوڑی کے طور پر کریز پر موجود تھے۔
اگر ہندوستان یہ میچ ہار جاتا ہے تو وہ نہ صرف تین میچوں کی سیریز ہار جائے گا بلکہ اس کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنا بھی مشکل ہو جائے گا۔
ہندوستان کی دوسری اننگ میں یشسوی جیسوال (77) کے علاوہ صرف شبمن گل (23) اور واشنگٹن سندر (21) ہی کیوی گیند بازوں کے خلاف آرام سے کھیل سکے، جب کہ تجربہ کار روہت شرما (8) اور ورات کوہلی (17) مسلسل دوسری اننگ میں غیر موثر رہے۔
بد قسمتی سے رشبھ پنت رن آؤٹ ہوگئے جبکہ پہلے ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنانے والے سرفراز خان پونے کی پچ پر دوسری اننگ میں بھی نہیں چلے اور 9 رن بناکر سینٹنر کا شکار بنے۔ انہوں نے پہلی اننگ میں 11 رن بنایا تھا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور پانچ وکٹوں پر 198 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی پوری ٹیم 255 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ہندوستان کی جانب سے واشنگٹن سندر چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب رہے جب کہ رویندرا جڈیجہ نے تین اور روی چندرن اشون نے دو وکٹیں حاصل کیں۔