نیوزی لینڈ نے نیدرلینڈز کو 99 رن سے شکست دی
نیوزی لینڈ نے ول ینگ (70)، راچن رویندرا (51)، ڈینیل مچل (48) اور ٹام لیتھم (53) کی نصف سنچری کے بعد مچل سینٹنر (59 رنز کے عوض پانچ وکٹ) کی مہلک بولنگ کی بدولت پیر کے روز ورلڈ کپ میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف 99 رنز سے بڑی جیت درج کی۔
حیدرآباد: نیوزی لینڈ نے ول ینگ (70)، راچن رویندرا (51)، ڈینیل مچل (48) اور ٹام لیتھم (53) کی نصف سنچری کے بعد مچل سینٹنر (59 رنز کے عوض پانچ وکٹ) کی مہلک بولنگ کی بدولت پیر کے روز ورلڈ کپ میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف 99 رنز سے بڑی جیت درج کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ نے پیر کے روز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 322 رنز بنائے جس کے جواب میں نیدرلینڈ کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 223 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
نیوزی لینڈ نے کھیل کے ہر پہلو میں کم تجربہ کار نیدرلیںڈ کو پست رکھا۔ کیویزکھلاڑیوں نے پہلے نیدرلیںڈ کے گیند بازوں کو خوب مارا اور بعد میں اپنی تیز گیند بازی کی بدولت انہیں آزادی سے کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
نیدرلینڈ کی جانب سے صرف کولن ایکرمین (69) کچھ دیر تک کیوی گیند بازوں کا بہادری سے سامنا کر سکے۔ ان کے علاوہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز (30) نے کچھ زوردار شاٹس کھیل کر رن ریٹ بڑھانے کی ناکام کوشش کی۔
سینٹنر کے علاوہ میٹ ہنری نے 40 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اننگز کا شاندار آغاز کیا اور رنز بنانے میں کوئی جلدی نہیں دکھائی۔
تاہم اس دوران نیدرلینڈ کے بولرز وقفے وقفے سے نیوزی لینڈ کو جھٹکے دیتے رہے۔ آخری اوورز میں مچل سینٹنر (36 ناٹ آؤٹ) اور میٹ ہنری (10 ناٹ آؤٹ) نے شاندار بلے بازی کی اور ٹیم کا اسکور 300 سے آگے لے گئے۔