اقلیتوں کو زمین تقسیم کرنے حکومت کے پاس گنجائش نہیں، بچوں کی تعلیم اور ہنرمندی پر توجہ دیں: ریونت ریڈی
ریونت ریڈی نے مزید الزام عائد کیا کہ بی جے پی اقلیتوں اور غریب طبقات کے ووٹوں کو فہرست رائے دہندگان سے خارج کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر شہری کے حق رائے دہی کا تحفظ ضروری ہے۔
حیدرآباد:تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس اقلیتوں میں زمین تقسیم کرنے کے لیے کوئی اراضی موجود نہیں ہے، لہٰذا اقلیتی طبقات کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم، فنی تربیت اور ہنرمندی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ روزگار حاصل کرکے اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے مواقع فراہم کرسکتی ہے، لیکن بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے والدین کو بھی انہیں صحیح سمت میں رہنمائی فراہم کرنی ہوگی۔
چیف منسٹر نے قومی یوم تعلیم اور یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر بنجارہ بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بچے روایتی تعلیم حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، انہیں فنی تربیت حاصل کرکے مختلف شعبوں میں ہنرمند بننے اور عملی نوعیت کے روزگار سے وابستہ ہونے کی ترغیب دی جانی چاہیے۔ اسی طرح جو بچے فنی تربیت میں بھی دلچسپی نہیں رکھتے، انہیں کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹلیجنس کے بڑھتے ہوئے استعمال سے سافٹ ویئر اور دیگر شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع متاثر ہوسکتے ہیں، تاہم مختلف ہنر رکھنے والے افراد کے لیے عملی نوعیت کے روزگار کے مواقع برقرار رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں میں فنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے ینگ انڈیا اسکلز یونیورسٹی اور اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی ہے، تاکہ نوجوانوں کو روزگار اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع حاصل ہوسکیں۔
چیف منسٹر نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کانگریس حکومت نے اقلیتوں کے لیے 4 فیصد تحفظات متعارف کروائے تھے۔ انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ان تحفظات کو ختم کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے، جبکہ 12 سال گزرنے کے باوجود اقلیتوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔
ریونت ریڈی نے مزید الزام عائد کیا کہ بی جے پی اقلیتوں اور غریب طبقات کے ووٹوں کو فہرست رائے دہندگان سے خارج کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر شہری کے حق رائے دہی کا تحفظ ضروری ہے۔
انہوں نے اقلیتی کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کھیلوں کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اقلیتی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات اور سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ حکومت اقلیتی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
چیف منسٹر نے حیدرآباد کی ترقی سے متعلق حکومت کے منصوبوں کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ موسیٰ ندی کے کنارے کی ترقی اور اس علاقے کی نئی طرز پر تعمیر و بحالی کے لیے بھی حکومت اقدامات کررہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت حیدرآباد کی مجموعی ترقی اور تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے پابند عہد ہے۔