مسلم دلہنیں، ہندو نام والے دلہے! شادی کے رقعے وائرل ہوتے ہی مچا ہنگامہ
دعوت ناموں کے وائرل ہونے کے بعد مبینہ طور پر ایک نامعلوم شخص نے شادی کی تقریب منعقد کرنے والے گارڈن کے مالک کو فون کیا اور دھمکی دی کہ وہ اس شادی کو ہونے نہیں دے گا۔ الزام ہے کہ فون کرنے والے نے کہا کہ اگر شادی کی تقریب منعقد کی گئی تو ہندو تنظیموں کو بلاکر وہاں ہنگامہ کیا جائے گا۔
سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے قصبہ گنگوہ میں دو مسلم بہنوں کے نکاح کے دعوت ناموں پر دلہوں کے ہندو نام درج ہونے کے بعد تنازعہ پیدا ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر دعوت نامے وائرل ہونے کے بعد بعض افراد کی جانب سے اعتراضات کیے جارہے ہیں، جبکہ ایک نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر شادی کی تقریب رکوانے کی دھمکی بھی دی ہے۔ دونوں بہنوں کا نکاح 12 نومبر کو مقرر ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں بہنوں کے شادی کے دعوت نامے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس وقت تنازعہ کھڑا ہوگیا جب لوگوں نے ان پر درج دلہوں کے ناموں پر سوالات اٹھائے۔ دونوں بہنوں نے وضاحت کی ہے کہ ان کے ہونے والے شوہر اور ان کے خاندان مسلمان ہیں، تاہم ان کے خاندانوں میں کئی نسلوں سے بچوں کے ہندو نام رکھنے کی روایت چلی آرہی ہے۔ اسی خاندانی روایت کے مطابق دعوت ناموں پر دلہوں کے نام درج کیے گئے ہیں۔
دعوت ناموں کے وائرل ہونے کے بعد مبینہ طور پر ایک نامعلوم شخص نے شادی کی تقریب منعقد کرنے والے گارڈن کے مالک کو فون کیا اور دھمکی دی کہ وہ اس شادی کو ہونے نہیں دے گا۔ الزام ہے کہ فون کرنے والے نے کہا کہ اگر شادی کی تقریب منعقد کی گئی تو ہندو تنظیموں کو بلاکر وہاں ہنگامہ کیا جائے گا۔
اس مبینہ دھمکی کے بعد دونوں خاندانوں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے اور شادی کی تیاریاں بھی متاثر ہونے لگی ہیں۔ کسی ناخوشگوار واقعے کے اندیشے کے پیش نظر دونوں بہنیں گنگوہ پولیس اسٹیشن پہنچیں اور تحریری شکایت درج کروائی۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ 12 نومبر کو ہونے والے نکاح کے موقع پر مناسب حفاظتی انتظامات کیے جائیں تاکہ تقریب پرامن ماحول میں انجام پاسکے۔
سرکل آفیسر شیلیندر پرتاپ گوتم نے تصدیق کی کہ پولیس کو شکایت موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ عہدیداروں کو معاملے کی تحقیقات اور ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس واقعہ نے ایک بار پھر مذہبی شناخت، ناموں اور ذاتی آزادی کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ آخر جب دو خاندان باہمی رضامندی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونا چاہتے ہیں اور دلہے مسلمان ہیں تو محض ناموں کی بنیاد پر ان کی شادی میں مداخلت کیوں کی جارہی ہے؟ فی الحال دونوں بہنیں پولیس سے تحفظ کی امید لگائے بیٹھی ہیں تاکہ ان کی زندگی کا یہ اہم موقع کسی خوف، دباؤ یا ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہوسکے۔