حیدرآباد

حیدرآباد سے بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے حکومت پر عزم:اتم کمارریڈی

این اتم کمار ر یڈی اور دامودر راج نرسمہا نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت، پرانے شہر کو ترقی یافتہ اور خوشحال علاقہ میں تبدیل کرنے کے اپنے وعدہ کو پورا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

حیدرآباد: پرانے شہر حیدرآباد میں ایک اہم پیشرفت کے دوران ریاستی وزیر سیول سپلائز و آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس حکومت، اس علاقہ سے بیروزگاری ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور ہماری حکومت، سوسائٹی فار ایمپلائمنٹ پروموشن اینڈ ٹریننگ ان ٹوئن سٹیز (سٹ ون) اور دیگر اداروں کا احیاء کرتے ہوئے اس علاقہ سے بیروزگاری کے تدارک کیلئے کوشاں ہے۔

متعلقہ خبریں
الانصار فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہفتہ واری درس قرآن
رئیل اسٹیٹ ونچرکی آڑ میں چلکور کی قطب شاہی مسجد کو شہید کردیاگیا: حافظ پیر شبیر احمد
تلنگانہ کانگریس، 14 لوک سبھا حلقوں سے کامیاب ہوگی: اتم کمارریڈی
مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافیوں کو دور کیا جائے۔ کانگریس ایم پیز کا زور
آبپاشی پروجیکٹوں پر 10.8 ہزار کروڑ خرچ کئے جائیں گے: اتم کمار ریڈی

 اتم کمار ریڈی نے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے ساتھ آج صدرنشین سٹ ون این گریدھر ریڈی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے این اتم کمار ر یڈی اور دامودر راج نرسمہا نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت، پرانے شہر کو ترقی یافتہ اور خوشحال علاقہ میں تبدیل کرنے کے اپنے وعدہ کو پورا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

 سٹ ون اور اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کے احیاء کے ساتھ ساتھ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو دوبارہ فعال وکارکرد بناتے ہوئے اس کے ذریعہ پرانے شہر میں انفرااسٹرکچر کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔گزشتہ اسمبلی انتخابات سے قبل جاری کردہ مائنا ر یٹی ڈیکلریشن میں اقلیتوں کے بارے میں بڑے وعدے کئے گئے ہیں۔

 انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ پرانے شہر میں بیروزگاری کی شرح21فیصد ہے جو ایک تشویش ناک امر ہے اور20 سے24 سال عمر کے نوجوانوں میں یہ شرح 45 فیصد بتائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیف منسٹر چناریڈی کی سرپرستی میں 15/ اگست 1978 کو ادارہ سٹ ون کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ اس ادارہ کے سابق چیف منسٹر ایم چنا ریڈی صدرنشین اور قادر علی خان آئی اے ایس اس کے منیجنگ ڈائرکٹر تھے۔

 تاہم ٹی ڈی پی اور بی آر ایس کے دور حکومتوں میں اس ادارہ کو نظر انداز کردیا گیاتھا۔ پرانے شہر کو نظر انداز کرنے پر اتم کمار ریڈی نے سابق بی آر ایس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سابق چیف منسٹر کے سی آر بھی سٹ ون کے صدرنشین تھے مگر انہوں نے ایک بار بھی اس ادارہ کا جائزہ اجلاس طلب نہیں کیا۔ اپنے 10سالہ دور اقتدار میں کے سی آر نے ایک بار بھی پرانے شہر کا دورہ نہیں کیا۔

 انہوں نے پرانے شہر کے نوجوانوں میں مہارتوں کو فروغ دینے میں سٹ ون کے رول کی ستائش کی مگر ٹی ڈی پی اور بی آر ایس حکومت کی نظر انداز پالیسی سے ترقی کا عمل جمود کا شکار ہوگیا۔

 انہوں نے کہا کہ سٹ ون کے قیام کے اہم مقاصد میں اسکول اور کالج میں ترک تعلیم کی شرح کو روکنا، نوجوانوں کو خود انحصار بنانا، تعلیم یافتہ اقلیتی نوجوانوں، خواتین اور جسمانی معذورین کیلئے روزگار کے مواقع تخلیق کرنا شامل ہیں۔

1979 میں صرف دو ٹریننگ سنٹرس سے سٹ ون کا آغاز ہوا۔ اب اس کے ٹریننگ مراکز کی تعداد بڑھ کر38 ہوگئی ہے اور اس کے 22فرنچائرس سنٹرس ہیں جہاں مختلف 38 کورسوں میں ٹریننگ دی جارہی ہے۔

نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے خاطر سٹ ون کی جانب سے جاب میلہ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس کے لئے ایک سل بھی قائم ہے جبکہ یہ تمام کامیابیاں صرف کانگریس دور حکمرانی میں حاصل کی گئی ہیں جبکہ ٹی ڈی پی اور بی آر ایس نے اپنی حکومتوں کے دوران اس ادارہ کو نظر انداز کردیا تھا۔

 اتم کمار ریڈی نے یقین دہانی کرائی کہ کانگریس حکومت، حیدرآباد کی ترقی کے جامع منصوبہ کے حصہ کے طور پر سٹ ون کا احیاء کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کیلئے رواں بجٹ میں 10ہزار کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان فنڈس کے ذریعہ سٹ ون اور قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے بشمول شہر کے دیگر اداروں کو مضبوط بنانے کا کام کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کانگریس، سٹ ون کی عظمت رفتہ بحال کرنے اور پرانے شہر میں معیاری ترقی کیلئے اپنا پورا تعاون دے گی۔

a3w
a3w