حکومت، ریونیو ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرے گی: وزیر سرینواس ریڈی
ریاستی وزیر ریونیو پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت ریونیو ریکارڈ کو جنگی بنیادوں پر ڈیجیٹلائز کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کوئی بھی زمینی ریکارڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرسکے۔
حیدرآباد: (منصف نیوز بیورو) ریاستی وزیر ریونیو پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت ریونیو ریکارڈ کو جنگی بنیادوں پر ڈیجیٹلائز کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کوئی بھی زمینی ریکارڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ نیا ریونیو ایکٹ2024 جلد ہی ملک کے لیے ایک رول ماڈل کے طور پر منظور کیا جائے گا جس کا مقصد عوام کو ان مسائل سے نجات دلانا ہے جن کا وہ گزشتہ دس سالوں سے سامنا کر رہے ہیں، خاص طور پر دھرانی پورٹل اور ریونیو ریکارڈ ایکٹ2020 کی وجہ سے پریشانیوں کا سامنا کر رہے عوام کو راحت پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کے ذریعہ متعارف کرائے گئے دھرانی پورٹل کی وجہ سے عام لوگوں اور کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور کانگریس کی عوامی حکومت، لوگوں کو ان مسائل سے نجات دلانے کی کوشش کر رہی ہے۔
پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ نیا ریونیو ایکٹ عوام کے مسائل حل کرے گا اور قوم کے لیے ایک رول ماڈل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت ریونیو سسٹم کو مکمل طور پر شفاف بنائے گی اور عام افراد کو شفاف و بہترین ریونیو خدمات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کانگریس حکومت ہر گاؤں کے لیے ایک ریونیو افسر کا تقرر کرے گی اور نئے ریونیو قانون کے نافذ ہونے سے پہلے حکومت اس پر ضروری فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا بی آر ایس حکومت نے عجلت میں کیے گئے فیصلوں سے ریونیو سسٹم تباہ ہوگیا۔ کانگریس حکومت نے ملازمین، دانشوروں اور عام لوگوں کی تجاویز حاصل کی ہے تاکہ قوانین میں بہتری لائی جا سکے اور اب ریونیو قانون کے مسودہ کی تدوین آخری مرحلہ میں پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا ریونیو ایکٹ 2020 میں موجود اچھے نکات کو حکومت نئے قانون میں شامل کرے گی۔