Uncategorizedقومی

وڈودرہ ایرفورس اسٹیشن پر حملہ کامنصوبہ ناکام، گجرات میں جیش محمد کا آسامی کارندہ گرفتار

گجرات انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) نے آسام کے ایک 22 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ اس پر گجرات کی ایک اہم سیکوریٹی تنصیب پر دہشت گرد حملہ کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔

احمد آباد (آئی اے این ایس) گجرات انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) نے آسام کے ایک 22 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ اس پر گجرات کی ایک اہم سیکوریٹی تنصیب پر دہشت گرد حملہ کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔ عہدیداروں نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔

ابتدائی تحقیقات سے اشارہ ملا کہ وڈودرہ (بڑودہ) کا ایرفورس اسٹیشن اس کا ہدف ہے۔ ملزم محمد شہرالاسلام کبیر الدین ممنوعہ تنظیم جیش محمد کے پاکستانی ہینڈلر سے مبینہ رابطہ میں تھا۔ اس نے ایرفورس اسٹیشن کی ریکی کی تھی۔ اے ٹی ایس نے جمعہ کے دن بتایا کہ Ak47 جیسا ایک خودکار اسالٹ رائفل، 2 میگزین اور 23 کارآمد کارتوس اس کے قبضہ سے برآمد ہوئے۔

اے ٹی ایس کے بموجب ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ہرش اپادھیائے کو انٹلی جنس جانکاری ملی تھی کہ گجرات کے باہر کا ایک شخص مبینہ طورپر جیش سے جڑا ہے۔ گجرات میں ایک اہم سیکوریٹی تنصیب پر حملہ کا منصوبہ رکھتا ہے۔ وہ حملہ کے لئے دوتین دن میں گجرات میں داخل ہونے والا ہے۔

یہ جانکاری ملنے کے بعد اے ٹی ایس نے فنی جانکاری اکٹھا کرنا شروع کردیا۔ تحقیقاتی عہدیدار بعد ازاں وڈودرہ کے سایاجی گنج ریلوے اسٹیشن کے قریب ملن ہوٹل پہنچے۔ ہوٹل والوں نے بتایا کہ ایک شخص صبح 9 بجے چیک آؤٹ کئے بغیر چلاگیا۔ ہوٹل سے ملی جانکاری کی بنیاد پر اس کی شناخت کی گئی۔

فنی نگرانی سے پتہ چلا کہ وہ دہود کی طرف سے وڈودرہ جارہا ہے۔ اے ٹی ایس ٹیم نے اسے پلدی بس اسٹانڈ کے قریب روک لیا۔ اس کے قبضہ سے جیش محمد کا ایک پرچم، سم کارڈ کے ساتھ 2 موبائیل فون اور 20 ہزار روپئے نقد بھی برآمد ہوئے۔ موبائیل فون کی ابتدائی جانچ سے پتہ چلا کہ وہ واٹس ایپ کے ذریعہ جیش کے رابطہ میں تھا۔

تحقیقاتی عہدیداروں کو وڈودرہ کے ایرفورس اسٹیشن کی گیٹ کی تصویر بھی اس کے فون میں ملی۔ ایک ویڈیو بھی ملا جس میں ایرفورس اسٹیشن کی ریکی دیکھی جاسکتی ہے۔ اے ٹی ایس کو شبہ ہے کہ کبیر الدین پاکستان میں مقیم ہینڈلر مفتی رفیق عرف ابن عبداللہ کے رابطہ میں تھا۔ پوچھ تاچھ میں ملزم نے بتایاکہ اسے 50 ہزارروپئے نیا موبائل فون خریدنے کے لئے دیئے گئے تھے۔

اسے حملہ کے لئے لاجسٹک سپورٹ بھی ملا تھا۔ حملہ کے بعد وہ پاکستان فرار ہونا چاہتا تھا جہاں جیش میں بھرتی ہوکر شہادت پانا اس کا مقصد تھا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔