شمالی بھارت

گرمیت رام رحیم سنگھ پیرول پر رہا

ڈیرہ سربراہ اس سے قبل جون میں ایک ماہ کی پیرول پر جیل سے باہر آیا تھا۔ اس سے پہلے اسے فروری میں تین ہفتوں کی ضمانت دی گئی تھی۔

چنڈی گڑھ: ڈیرہ سچا سودا کا سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ، جو ہریانہ کی سناریا جیل میں قید کی سزا کاٹ رہا ہے، کو 40 دن کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے آج یہ بات بتائی۔  یہ اقدام آدم پور ضمنی انتخابات سے عین قبل سامنے آیا ہے۔ یہ ضمنی انتخاب 3 نومبر کو ہونے والا ہے۔

ڈیرہ سربراہ اس سے قبل جون میں ایک ماہ کی پیرول پر جیل سے باہر آیا تھا۔ اس سے پہلے اسے فروری میں تین ہفتوں کی ضمانت دی گئی تھی۔

وہ سرسا میں اپنے آشرم میں دو خواتین چیلیوں کی عصمت دری کرنے کے الزام میں 20 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ سرسا میں ڈیرہ کا ہیڈکوارٹرس ہے۔ اگست 2017 میں پنچکولہ میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے اسے مجرم قرار دیا تھا۔

اسے 2002 میں ڈیرہ کے ایک منیجر رنجیت سنگھ کے قتل کی سازش رچنے کے الزام میں بھی گزشتہ سال چار دیگر افراد کے ساتھ سزا سنائی گئی تھی۔

ڈیرہ سربراہ اور تین دیگر کو ایک صحافی کے قتل کے الزام میں بھی سزا سنائی جاچکی ہے۔