دہلی

گروگرام اسکول قتل کیس، معصوم کے قاتل سینئر طالب علم کو 5 برس بعد ضمانت

اس وقت 11 ویں جماعت میں زیرتعلیم ملزم پر اسی اسکول کے دوسری جماعت کے طالب علم کو قتل کرنے کا الزام ہے، اس نے قریب آنے والے امتحان اور پیرنٹس ٹیچر میٹنگ کو ملتوی کرانے کے لئے اسے پکڑ کر مار ڈالا تھا۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آج 2017 کے ایک قتل کیس میں ملزم کو ضمانت دے دی۔ ملزم کی عمر اُس وقت 16 سال تھی جس نے اپنے ہی اسکول کے ایک 7 سالہ طالب علم پردیومن ٹھاکر کا قتل کر دیا تھا۔ دونوں گڑگاؤں کے ریان انٹرنیشنل اسکول کے طالب علم تھے۔

اس سے قبل جووینائل جسٹس بورڈ نے واضح کیا تھا کہ ملزم طالب علم پر بالغ کی حیثیت سے مقدمہ چلایا جانا چاہئے نہ کہ نابالغ کے طور پر۔

یہ نوٹ کرنے کے بعد کہ ملزم پچھلے 5 سالوں سے حراست میں ہے، سپریم کورٹ نے اسے آج ضمانت دے دی۔

اس وقت 11 ویں جماعت میں زیرتعلیم ملزم پر اسی اسکول کے دوسری جماعت کے طالب علم کو قتل کرنے کا الزام ہے، اس نے قریب آنے والے امتحان اور پیرنٹس ٹیچر میٹنگ کو ملتوی کرانے کے لئے اسے پکڑ کر مار ڈالا تھا۔

سات سالہ طالب علم پردیومن ٹھاکر کی لاش 8 ستمبر 2017 کو اسکول کے واش روم کے باہر پائی گئی۔ اس کا گلا کٹا ہوا تھا۔ گڑگاؤں پولیس نے فوری طور پر اس قتل کے الزام میں اسکول بس کنڈکٹر اشوک کمار کو گرفتار کیا تھا۔ تاہم، ایک ماہ بعد سی بی آئی تحقیقات کے بعد اصل ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس نے پردیومن کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

دوسری جانب لڑکے کے والد نے الزام عائد کیا تھا کہ تشدد کے ذریعہ اعتراف جرم کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بیٹے کو الٹا لٹکایا گیا اور بے دردی سے مارا پیٹا گیا جس پر اس نے بچے کے قتل کا الزام قبول کرلیا۔

ملزم کے طبی معائنے میں اسے لاحق کسی دماغی بیماری کو مسترد کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ایک جج نے کہا تھا کہ بچوں کے قانون کے برعکس یہ نو عمر نوجوان ذہنی طور پر جرم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

قتل کیس کی سماعت 31 اکتوبر سے شروع ہونے والی ہے۔

a3w
a3w