بی جے پی قائدین کو لگام دی گئی ہوتی تو خامنہ ای تبصرہ نہ کرتے:راشد علوی
کئی اسلامی اسکالرس‘ سفارت کاروں اور سیاستدانوں نے غزہ‘ میانمار اور ہندوستان میں مسلمانوں کی ”حالت ِ زار“ پر ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے ریمارکس پر تنقید کی ہے۔

نئی دہلی: کئی اسلامی اسکالرس‘ سفارت کاروں اور سیاستدانوں نے غزہ‘ میانمار اور ہندوستان میں مسلمانوں کی ”حالت ِ زار“ پر ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے ریمارکس پر تنقید کی ہے۔
وزارت ِ خارجہ ہند نے بھی کہا کہ اقلیتوں کے تعلق سے تبصرہ کرنے والوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ خود اپنا ریکارڈ دیکھ لیں۔
اسرائیل نے بھی کہا کہ ایرانی رہنما خود اپنے عوام کے قاتل ہیں۔ اسرائیل‘ ہندوستان اورتمام جمہوری ممالک میں مسلمانوں کو آزادی حاصل ہے جس سے ایران نے اپنے عوام کو محروم رکھا ہے۔
مفتی وجاہت قاسمی نے کہا کہ ہندوستان میں کروڑہا مسلمان رہتے ہیں جو سیکولر ہیں اور ہنسی خوشی رہ رہے ہیں تاہم کانگریس قائد راشد علوی نے کہا کہ بی جے پی نے اگر اپنے قائدین کی لگام کسی ہوتی تو ایسے تبصرہ کی نوبت ہی نہیں آتی۔
مساجد کو ڈھانے اور مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر چلانے کی خبریں جب آتی ہیں تو اس کا یہی اثر ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ ایران کے ایک بڑے رہنما نے ایسا بیان دیا۔