ملازمہ کے ساتھ جنسی ہراسانی، گورنر بنگال نے عوام کو سی سی ٹی وی فوٹیج دکھایا (ویڈیو)
راج بھون کی ایک خاتون ملازمہ کی جانب سے دست درازی کا الزام عائد کئے جانے کے پس منظر میں گورنر مغربی بنگال سی وی آنند بوس نے جمعرات کے روز عام شہریوں کو راج بھون کا 2 مئی کا سی سی ٹی وی فوٹیج دکھایا۔

کولکتہ: راج بھون کی ایک خاتون ملازمہ کی جانب سے دست درازی کا الزام عائد کئے جانے کے پس منظر میں گورنر مغربی بنگال سی وی آنند بوس نے جمعرات کے روز عام شہریوں کو راج بھون کا 2 مئی کا سی سی ٹی وی فوٹیج دکھایا۔
2 مئی کو راج بھون کی مین (شمالی) گیٹ سے 5:30 بجے شام کا 2 سی سی ٹی وی کیمروں کا فوٹیج راج بھون کے گراؤنڈ فلور پر سنٹرل ماربل ہال میں چند افراد کو دکھایا گیا۔
راج بھون کی خاتون ملازمہ نے جمعہ کے روز کولکتہ پولیس میں تحریری شکایت درج کرائی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ 24 اپریل اور 2مئی کو گورنرس ہاؤز میں بوس نے اس کے ساتھ دست درازی کی تھی۔ بوس نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ وہ سیاستداں ممتا بنرجی اور ان کی پولیس کے سوائے عام آدمیوں کو یہ فوٹیج دکھائیں گے۔
زائدازایک گھنٹہ طویل فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ خاتون جو بلو جینس اور ٹاپ میں ملبوس تھی‘ پولیس آؤٹ پوسٹ کی طرف جارہی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورہ کے سلسلہ میں راج بھون کے احاطہ میں پولیس ملازمین کی کثیر تعداد تعینات ہے۔ مودی نے 2 مئی کی رات راج بھون میں قیام کیا تھا۔
بعدازاں 3 مئی کو انہوں نے مغربی بنگال میں 3 سیاسی جلسوں سے خطاب کیا تھا۔ راج بھون کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کم ازکم 92 افراد نے ہمیں ای میل کیا تھا یا فون کیا تھا اور سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔بہرحال صرف چند افراد مشاہدہ کرنے پہنچے۔ اس کا مقصد عوام کو فیصلہ کرنے کا موقع دینا تھا۔
راج بھون آنے والوں میں پروفیسر تشار کانتی مکرجی بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے فوٹیج دیکھا اور خاتون کے رویہ میں کوئی غیرمعمولی بات نہیں پائی۔