ایشیاء

100 افغان ہندو اور سکھ ہندوستان واپسی کے منتظر

افغانستان سے تقریباً 100 سکھ اور ہندو‘ ہندوستان آنا چاہتے ہیں لیکن آ نہیں پارہے ہیں کیونکہ ان کے بعض ارکان خاندان کو حکومت ِ ہند سے ابھی تک ای ویزا نہیں ملا ہے۔

نئی دہلی: افغانستان سے تقریباً 100 سکھ اور ہندو‘ ہندوستان آنا چاہتے ہیں لیکن آ نہیں پارہے ہیں کیونکہ ان کے بعض ارکان خاندان کو حکومت ِ ہند سے ابھی تک ای ویزا نہیں ملا ہے۔

صدر گردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کابل گرنام سنگھ راج ونشی نے جنہیں جمعہ کے دن ان کے 5 ارکان خاندان کے ساتھ کابل سے نئی دہلی لایا گیا‘ کہا کہ ای ویزا کے منتظر افراد میں ان کا لڑکا بھی شامل ہے۔

28 افراد کو ای ویزا نہیں ملا ہے جس کی وجہ سے 100 افراد ہندوستان آنے کے منتظر ہیں۔ بیشتر افغان ہندو اور سکھوں کے لئے اپنے ارکان خاندان کو وہاں چھوڑکر ہندوستان آنا بڑا مشکل ہے۔

انہوں نے حکومت ِ ہند سے گزارش کی کہ ای ویزا جلد جاری کردیا جائے۔ دودھ پیتے بچے تک ای ویزا کے منتظر ہیں۔ صورتِ حال بڑی خراب ہے۔ ہم وہاں اپنے اہل ِ خانہ خاص طورپر عورتوں اور بچوں کو ایک منٹ کے لئے بھی اکیلا نہیں چھوڑسکتے۔

18 جون کو کابل کے کرتِ پروان گردوارہ پر دہشت گرد حملہ کے بعد سے 66 افغان سکھوں اور ہندوؤں کو 4 بیاچس میں ہندوستان لایا گیا۔

راج ونشی نے کہا کہ ہمارا کاروبار تباہ ہوگیا۔ ہماری دکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ افغان سکھوں نے گردوارہ جانا بند کردیا ہے۔ وہاں کوئی بھی گردوارہ اب کھلا نہیں ہے۔