کھیل

100ویں ٹیسٹ سے خوش ہوں، لیکن ابھی طویل سفر طے کرنا ہے: پجارا

پجارا نے کہا ’’یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس سفر میں میرے والد نے میرا ساتھ دیا۔ میری بیوی نے بھی مجھے مسلسل سپورٹ کیا۔ وہ کل یہاں میچ دیکھنے آئیں گے۔ ہم سب اس سے بہت خوش ہیں لیکن ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے۔

نئی دہلی: تجربہ کار ہندوستانی ٹیسٹ بلے باز چیتشور پجارا نے اپنے 100 ویں ٹیسٹ سے قبل جمعرات کو کہا کہ وہ اس کامیابی سے خوش ہیں لیکن ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے۔

متعلقہ خبریں
پجارا صرف بیاٹ نہیں بلکہ ترنگا لیکر میدان میں اترتے ہیں: گواسکر

پجارا سے پہلے صرف 12 ہندوستانی کرکٹرز نے 100 ٹیسٹ کھیلے ہیں جب کہ 73 کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ پجارا جب جمعہ کو دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے تو وہ کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں ان کا 100 واں میچ ہوگا۔

پجارا نے یہاں میچ سے قبل کے موقع پر نامہ نگاروں سے کہا ’’میں نے ہمیشہ آج پر توجہ مرکوز کی ہے۔ جب میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کیا تو سوچا بھی نہیں تھا کہ میں 100 ٹیسٹ کھیلوں گا۔ آپ اپنے کیریئر میں ہمیشہ اتار چڑھاؤ سے گزرتے ہیں جن سے آپ کو لڑنا پڑتا ہے۔ میری توجہ ہمیشہ اپنی کارکردگی پر رہی اور 100 ٹیسٹ مکمل ہوگئے۔

انہوں نے کہا ’’یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس سفر میں میرے والد نے میرا ساتھ دیا۔ میری بیوی نے بھی مجھے مسلسل سپورٹ کیا۔ وہ کل یہاں میچ دیکھنے آئیں گے۔ ہم سب اس سے بہت خوش ہیں لیکن ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے۔

پجارا کو اپنے شاندار کیریئر میں کئی بار اس ’اُتار چڑھاؤ‘ کا سامنا کرنا پڑا۔ پجارا 2018 میں جہاں دورہ انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے تھے، وہیں انہیں گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی تھی۔ پجارا نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ان چیلنجوں کو قبول کیا اور اپنے کھیل پر بھروسہ برقرار رکھا۔