چیف منسٹر ہریانہ سینی کی دوسری مرتبہ حلف برداری
او بی سی لیڈر نائب سنگھ سینی نے جمعرات کے روز پنچکلہ میں منعقدہ ایک تقریب میں چیف منسٹر ہریانہ کے عہدہ کا حلف لیا۔ اس تقریب میں کئی این ڈی اے قائدین بشمول وزیراعظم نریندر مودی نے شرکت کی۔ سینی نے ہندی زبان میں حلف لیا۔
چندی گڑھ (پی ٹی آئی) او بی سی لیڈر نائب سنگھ سینی نے جمعرات کے روز پنچکلہ میں منعقدہ ایک تقریب میں چیف منسٹر ہریانہ کے عہدہ کا حلف لیا۔ اس تقریب میں کئی این ڈی اے قائدین بشمول وزیراعظم نریندر مودی نے شرکت کی۔ سینی نے ہندی زبان میں حلف لیا۔
گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ کی جانب سے حلف دلائے جانے والوں میں انبالہ کنٹونمنٹ کے رکن اسمبلی انیل وِج‘ اسرانا کے رکن اسمبلی کشن لال پنور‘ بادشاہ پور کے رکن اسمبلی راؤ نربیر سنگھ‘ توشم کی رکن اسمبلی شروتی چودھری‘ آتیلی کی رکن اسمبلی آرتی سنگھ راؤ اور ردور کے رکن اسمبلی شیام سنگھ رانا شامل تھے۔
بی جے پی نے آج والمیکی جینتی کے موقع پر حلف برداری تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ والمیکی رامائن کے مصنف تھے اور ہندوؤں بالخصوص دلتوں میں قابل احترام شخصیت تھے۔ ہریانہ میں چیف منسٹر سمیت زیادہ سے زیادہ 14 وزرا ہوسکتے ہیں۔ این ڈی اے حکومت والی کئی ریاستوں بشمول اترپردیش‘ آسام‘ میگھالیہ‘ آندھراپردیش کے چیف منسٹرس نے بھی شرکت کی۔
بی جے پی صدر جے پی نڈا‘ مرکزی وزرا راج ناتھ سنگھ اور امیت شاہ نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آغاز سے کئی گھنٹے قبل سینی نے والمیکی بھون کا دورہ کیا اور پنچکلہ میں ایک گردوارہ اور منسادیوی مندر میں پوجا کی۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ نئی بی جے پی حکومت‘ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہریانہ کو تیزی سے آگے لے جانے کے لئے کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہریانہ کے عوام نے مودی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ سینی نے بتایا کہ بی جے پی کے ”سنکلپ پتر“ کو پوری طرح نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 2014 اور 2019 کے سنکلپ پتر کو دیکھیں ہم نے اس پر پوری طرح عمل کیا ہے اور ہماری حکومت اب اس سنکلپ پتر کو بھی پوری طرح نافذ کرے گی۔
حالیہ منعقدہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے غیرمتوقع طورپر ہریانہ میں تیسری میعاد کے لئے اقتدار حاصل کیا۔ پارٹی نے 90 رکنی اسمبلی میں 48 نشستیں جیت لی ہیں۔ 3 آزاد امیدواروں بشمول رکن اسمبلی حصار ساوتری جندل نے بھی پارٹی کی تائید کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 54 سالہ سینی کو چہارشنبہ کے روز پنچکلہ میں پارٹی کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔