حضرت شیخ شاہ افضل الدین جنیدی سراج باباامیرکبیرالسادۃ الجنیدیہ الحسینیہ(فی الھند) مقرر
عظیم الشان پیمانہ پر جلسہء تہنیت و تفویض حضرت خواجہ جنید بغدادی عالمی ایوارڈ کے عنوان کے تحت منعقد ہواتھا جس کا اہتمام انجمن قادریہ،جنیدیہ، چشتیہ بارگاہ حضرت شیخ دکنؒ شیخ روضہ گلبرگہ شریف نے کیا تھا-
گلبرگہ: قرآن حکیم میں اللہ جل مجدہ ارشاد فرما رہا ہیکہ ہم نے بندوں کو قبائلوں اور قوموں کے درمیان تقسیم کیا تاکہ تم ایک دوسرے کی معرفت حاصل کرسکو،بے شک اللہ سبحانہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے بہترین شخص وہ ہے جو زہد ورع اور تقویٰ وتوکل والا ہو،ہم تمہارے درمیان بغداد شریف سے بھارت آنے کا مقصد صرف اور صرف یہی ہیکہ ایک دوسرے کے درمیان بھائ چارہ کو فروغ دیں اور امن وامان کو عام کیا جاسکے۔
اس امر کا انکشاف کل رآت سماع خانہ جنیدیہؓ حضرت شیخ روضہؒ گلبرگہ شریف کرناٹک میں ملک عراق کے بغداد شریف میں آرام فرما سیدالطآئفہ حضرت سیدنا جنید البغدادی الحسینیؓ کے سجادہ نشین فضیلۃ الشیخ السید الشیخ الامیر محمد جدعان الجنیدی الحسینی امیرقبیلہ السادۃ الجنیدیہ الحسینیہ فی العالم ومدیر مکتب نقابۃ اشراف العراق فی الشمال العراق نے بحثییت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا-
جن کی عظیم الشان پیمانہ پر جلسہء تہنیت و تفویض حضرت خواجہ جنید بغدادی عالمی ایوارڈ کے عنوان کے تحت منعقد ہواتھا جس کا اہتمام انجمن قادریہ،جنیدیہ، چشتیہ بارگاہ حضرت شیخ دکنؒ شیخ روضہ گلبرگہ شریف نے کیا تھا-
پیر طریقت حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر شیخ شاہ افضل الدین جنیدی سراج بابا الحسینی سجادہ نشین حضرت شیخ روضہؒ گلبرگہ شریف نے جلسہ کی نگرانی فرمائ پیرطریقت رہبر راہ شریعت حضرت مولانا ڈاکٹر حافظ الحاج سید شاہ علی الحسینی قبلہ سجادہ نشین بارگاہ کعبہء دکن حضرت سیدنا خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ کو رکن کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ اور رکن وقف بورڈ کرناٹک نامزد کئے جانے پر تہنیت پیش کی گئی اور حضرت حافظ سید علی الحسینی قبلہ سجادہ نشین بارگاہ کعبہء دکن حضرت سیدنا محمد حسینی خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ و چانسلر کے بی این یونیورسٹی کی ادائیگیئ عمرہ و زیارت النبویؐ و دیگر مقامات مقدسہ کو روانگی کا اعلان بھی فرمایا-جلسہ کا آغاز قراءت کلام پاک و نعت شریف سے ہوا-
فضیلۃ الشیخ السید الشیخ علی احمد الجنیدی الحسینی امین العام العشیر والسادۃ الجنیدیہ الحسینیہ فی السعودیہ اور فضیلۃ الشیخ السید الشیخ حسن سلیمان الجنیدی الحسینی امین العام قبیلہ السادۃ الجنیدیہ الحسینیہ فی العالم بھی مہمانان خصوصی موجود تھے –
فضیلۃ الشیخ الامیر محمد جدعان الجنیدی الحسینی قبلہ سجادہ نشین سیدالطآئفہ حضرت سیدنا جنید البغدادی رحمہ اللہ نے اپنا سلسلہء خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ آج میں اعلان کرتا ہوں کہ ہمارے چچا زاد بھائ حضرت مولانا ڈاکٹر شیخ شاہ افضل الدین جنیدی سراج بابا صاحب قبلہ کو بھارت کا امیر کبیر السادۃ الجنیدیہ الحسینیہ (فی الھند)نامزد کرتے ہوئے مجھے بے حد مسرت ہورہی ہےالحمدللہ ہمارے یہاں اسناد کے ساتھ سید الطآئفہ حضرت الشیخ سیدنا جنید البغدادی الحسینیؓ کا حسب و نسب مولائے کائنات حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہہ الکریم و رضی اللہ عنہ تک جا پہنچتاہے الحمدللہ آج مستند شجرہ صاحب سجادہ حضرت شیخ روضہؒ کو بھی پیش کیا جارہا ہے-
ہمارا اہم مقصد خاندانی سلسلہء جنیدیہ کو بھی مضبوط کرنا اور سلسلہء جنیدیہؓ حسینیہ کو ساری دنیا میں استوار کرنے و پھیلانے کے مقصد سے ہی ہم دس روزہ بھارت کی مختلف ریاستوں و اضلاع کا دورہ کیا جارہاہے اور اپنے تعلقات کو مستحکم کرنا ہی اہم مقصدہے، محبت و امن اور امان کے پیغام کو بھارت کے دیگر مذاہب و ادعیان باطلہ تک بھی پہنچانا ہے چنانچہ جمیع سلاسل کے بزرگان دین و بالخصوص سیدالطآئفہ حضرت سیدنا جنید بغدادیؓ کا بھی یہ مشن ومشرب رہاہے-
مہمان خصوصی حضرت شیخ جدعان الجنیدی الحسینی حفظہ اللہ نے یہ بھی کہاکہ سر زمین عراق وہ مقدس ترین سر زمین ہے جس میں انبیاءکرام و مرسلین علیہم السلام اور اولیاءاللہ آرام فرما ہیں،ہمارے جد امجد مولائے کائنات حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہہ الکریم و رضی اللہ عنہ جیسی عظیم المرتبت ہستی آرام فرماہیں،سید الشہداء حضرت سیدنا امام حسین مجتبیٰ رضی اللہ عنہ آرام فرما ہیں،سیدالطآئفہ حضرت الشیخ السید جنید البغدادی الحسینیؓ آرام فرماہیں،غوثنا غوث الاعظم پیران پیر روشن ضمیر سیدنا عبدالقادر الجیلانی شیئاللہ شیخ الکل رضی اللہ عنہ آرام فرماہیں کی مقدس ترین سرزمین عراق ہی ہے،حضرت شیخ شمس الدین نہروؒ محمد کی سرزمین ہے،جنیدیہؓ قادریہؓ ودیگر سلاسل ایک ہی چشمہ سے تعلق رکھتے ہیں اور تمام کا روحانی چشمہ ایک ہی ہے-
حضرت جدعان نے سیدالطآئفہ حضرت سیدنا جنید البغدادی الحسینیؓ کی تعلیمات و کرامات پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئےحضرت جنید بغدادیؓ کا فرمان بتلاتے ہوئے کہاکہ اولیاء اللہ سے سرزد ہونے والی کرامات بھی اللہ جل مجدہ کی جانب سے بند گانِ خدا کے لئے غیر معمولی فضل وکرم شامل حال رہتا ہے،جب کرامات کا ظہور وقوع پذیر ہوتا ہے تو بندوں کو غرور وتکبر نہ کرنے کی غیر معمولی تاکید کی گئی ہے چونکہ انسان خود پسندی اور عُجب و تکبر کرنے سےاللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ختم ہوجاتا ہے-
انہوں نے شیخ روضہؓ کی ملک بھارت میں خدمات کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے حضرت شیخ محمد تاج الدین جنیدیؒ تاج بابا اور پیر طریقت حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر شیخ شاہ افضل الدین جنیدی سراج بابا حفظہ اللہ کی خدمات کی سراہنا بھی کی کہ جنہوں نے نہ صرف دکن بلکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں سلسلہء جنیدیہ پھیلانے میں اپنی تمام حیات لگاتے ہوئے اپنے اسلاف کو نمونہ بنانے میں کوئ کسر نہیں رکھی ہے، بالخصوص کعبہء دکن حضرت سیدنا محمد حسینی خواجہ بندہ نواز گیسو دراز عاشق شاہ باز بلند پرواز رحمہ اللہ کی تصانیف اور ھستئ با برکت کو بھر پورخراج عقیدت پیش کیا-
سجادہ نشین بارگاہ کعبہء دکن حضرت سیدنا خواجہ بندہ نواز گیسو درازؓ حضرت مولانا حافظ الحاج سید شاہ علی الحسینی قبلہ کی تعلیمی میدان میں ملت اسلامیہ کی گران قدر خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی-فضیلۃ الشیخ السید الشیخ الامیر محمد محسن جدعان قبلہ الجنیدی الحسینی کے عربی خطاب کا اردو با محاورہ ترجمہ حضرت مولانا حافظ محمد عفان حضرمیؔ نقشبندی مجددی قادری مولوی کامل جامعہ نظامیہ نے کیا-
ریبر شریعت پیر طریقت حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر شیخ شاہ افضل الدین جنیدی سراج الدین بابا قبلہ نے ابتداء میں مہمانان خصوصی کا استقبال و خیرمقمدم کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ زمانے میں سلسلہء جنیدیہؒ بغدادیہ کو عام کرنے بالخصوص اس سلسلہ کے متعلق پیداشدہ عالمی غلط فہمیوں کے ازالہ کے تحت ہی سجادہ نشین حضرت سیدنا جنید بغدادیؓ فضیلۃ الشیخ الامیر محمد محسن جدعان قبلہ الجنیدی الحسینی کے دورہ کی ایک اہم اور مضبوط کڑی ہے،سلسلہ کی نیک نامی ترقی واستحکام کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہنا یہ اولیاءاللہ کا مشن رہاہے ہم بارگاہ خداوندی میں دعاگو ہیں کہ انکے اس مشن کو کامیابی وکامرانی نصیب ہو اور غلط فہمیوں کا ازالہ ہوسکے آمین-
حضرت مولانا حافظ ڈاکٹر الحاج سید اویس بخاری نقشبندی مجددی قادری مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ حیدرآباد دکن نے بھی اظہار خیال کیا- حضرت مولانا حافظ الحاج شیخ فخرالدین مانیال خطیب وامام مسجد بارگاہ حضرت شیخ دکنؓ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے-
جنوبی بھارت کے ممتاز عالم دین ونامور سینیئر صحافی اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ نے سجادہ نشین حضرت جنید بغدادی الحسینیؒ، سجادہ نشین کعبہء دکنؒ حضرت مولانا حافظ الحاج ڈاکٹر سیدشاہ علی الحسینی قبلہ کو کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ کی رکنیت اور کرناٹکا وقف بورڈ کی رکنیت پر فائز ومتمکن ہونے پر اور سجادہ نشین بارگاہ حضرت شیخ روضہؒ
حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر شیخ شاہ افضل الدین جنیدی سراج بابا حفظہ اللہ کو بھارت کا امیر کبیر نامزد کئے جانے کی مسرت میں تینوں حضرات کی شالپوشی و گلپوشی کی-شہ نشین پر شہزادہ حضورپیران پیرؓ رہبرشریعت پیرطریقت حضرت مولانا الحاج سید شاہ ہدایت اللہ قادری الجیلانی البغدادی صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت سید شاہ حیات اللہ بادشاہ قادری الجیلانی البغدادیؒ عملی محلہ گلبرگہ شریف،حضرت شیخ شاہ غلام محی الدین جنیدی عرف منہاج بابا برادرسجادہ نشین شیخ روضہ،حضرت شیخ شاہ قوام الدین جنیدی وہاج باباایڈوکیٹ برادر سجادہ نشین حضرت شیخ روضہؒ،
حضرت سیدشاہ عامر سقاف مقبل سادات قادری سجادہ نشین بارگاہ سقافیہ سقاف روضہؒ بیجاپور، حضرت سیدشاہ مختارپیراں توکلی سجادہ نشین انب روضہؒ،حضرت سیدشاہ حسام الدین تیغ برھنہ المعروف ہاشم پیر سجادہ نشین بارگاہ حضرت تیغ برھنہؒ گلبرگہ شریف،حضرت سید خلیل اللہ حسینی برادر سجادہ نشین گلسرم شریف،حضرت شیخ شاہ محمد سراج پاشاہ جنیدی عم محترم بارگاہ حضرت شیخ شاہ جنید جنیدی نندرگہ شریف،تعلقہ افضل پور ضلع گلبرگہ شریف،
حضرت مولانا پروفیسر الحاج محمد عبدالحمید اکبر صدر شعبہء اردو کے بی این یونیورسٹی،حضرت سید شاہ حسن قادری سجادہ نشین کاچور،حضرت مولانا حافظ الحاج سید اسماعیل مدثر قادری بانی مدرسہء انوار الاسلام للبنات گلبرگہ شریف،جناب شیخ مسعود جنیدی، حضرت مولانا الحاج سید قاسم حیدر بندہ نوازی طاہری قادری رضوی خلیفہء مُجاز رئیس المفسرین حضرت علامہ الحاج سید شاہ طاہر رضوی القادری رحمہ اللہ سابق صدالشیوخ جامعہ نظامیہ، قاضی مشہود صدیقی برادر صدر قاضی،الحاج محمد عبد النعیم انصاری نقشبندی این آر آئ سعودی عربیہ،جناب شیخ محمد منیر علی محبوب نگر،جناب محمد معین مازن انصاری کے علاوہ سینکڑوں حضرات موجود تھے-
حضرت شیخ شاہ محمد علاءالدین طاہر جنیدی جانشین سجادہ نشین حضرت شیخ روضہؒ کی قراءت کلام پاک اور حضرت قاسم بندہ نوازی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیہ نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا-آخر میں صلوۃ وسلام اور دعاکی گئی-