طلباء سے اسکول ٹوائلٹ صاف کروانے پر ہیڈ مسٹریس گرفتار
ملزمہ ہیڈ مسٹریس کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عہدیداروں کے مطابق چھٹی جماعت کے طلباء کو ایسیڈ سے اسکول کے ٹوائلٹس صاف کرنے کو کہا گیا۔
بنگلورو: کرناٹک پولیس نے طلباء سے بیت الخلاء صاف کروانے پر سرکاری اسکول کی ہیڈ مسٹریس کو گرفتار کرلیا۔بنگلورو کے اندراہلی گورنمنٹ ماڈل ہائیر پرائمری اسکول میں لکشمی دیوماں ہیڈ مسٹریس ہے۔
بلاک ایجوکیشن آفیسر (بی ای او) انجینپا کی اس ضمن میں بائدرا ہلی پولیس اسٹیشن میں شکایت کے بعد یہ گرفتاری عمل میں آئی۔ ملزمہ ہیڈ مسٹریس کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عہدیداروں کے مطابق چھٹی جماعت کے طلباء کو ایسیڈ سے اسکول کے ٹوائلٹس صاف کرنے کو کہا گیا۔
اس کی اطلاع ملنے پر سرپرستوں نے اسکول کے سامنے احتجاج کیا۔ جمعہ کو یہ معاملہ روشنی میں آنے کے بعد محکمہ تعلیم نے لکشمی دیوماں کو معطل کردیا۔ قائد اپوزیشن آر اشوک نے اسکول کا دورہ کیا اور اس معاملے پر کانگریس حکومت پر تنقید کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ ریاست میں حکومت زندہ نہیں ہے۔ یہ واقعہ کانگریس حکومت بالخصوص سدارامیا کے لیے شرمندگی کا باعث بن گیا۔ حال ہی میں کولار ضلع کے ایک اسکول میں بھی بچوں سے سیپٹک ٹینک صاف کروانے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔