جرائم و حادثاتسوشیل میڈیا

کار شوروم میں بھیانک آتشزدگی، جان بچانے کیلئے لوگوں کی جدوجہد کے ویڈیوز وائرل

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارت میں پھنسے افراد ایک سیڑھی کے ذریعہ دوسری عمارت کی جانب جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی دوران ایک خاتون کا توازن بگڑ جاتا ہے اور وہ پہلے سیڑھی پر گرتی ہیں، جس کے بعد تقریباً ایک منزل کی بلندی سے نیچے زمین کی طرف جاگرتی ہیں۔

نئی دہلی : جنوبی دہلی کے ساکیت میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع ایک کیا (Kia) کار شوروم میں جمعہ 6 نومبر کو زبردست آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ اس دوران عمارت میں پھنسے لوگوں کو اپنی جان بچانے کے لیے انتہائی دشوار گزار راستوں کا سہارا لینا پڑا۔ آگ سے بچنے کی کوشش میں لوگوں کی جدوجہد کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں، جنہوں نے عمارتوں میں آتشزدگی سے بچاؤ کے انتظامات پر کئی سوالات کھڑے کردئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارت میں پھنسے افراد ایک سیڑھی کے ذریعہ دوسری عمارت کی جانب جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی دوران ایک خاتون کا توازن بگڑ جاتا ہے اور وہ پہلے سیڑھی پر گرتی ہیں، جس کے بعد تقریباً ایک منزل کی بلندی سے نیچے زمین کی طرف جاگرتی ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس واقعہ میں انہیں کوئی چوٹ آئی ہے یا نہیں۔

ایک اور ویڈیو میں ایک شخص خاتون کو اپنی پیٹھ پر اٹھاکر دو عمارتوں کے درمیان رکھی گئی عارضی سیڑھی کے ذریعہ دوسری چھت تک پہنچاتا نظر آرہا ہے۔ اس دوران دیگر افراد بھی سیڑھی کو مضبوطی سے تھام کر لوگوں کو محفوظ مقام تک پہنچانے میں مدد کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیاں، چھ ایمبولینسیں اور پولیس عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا۔ عمارت کی بالائی منزل پر پھنسے تقریباً 12 سے 15 افراد کو بحفاظت باہر نکالا گیا، جبکہ شوروم کے پچھلے حصے سے مزید چار افراد کو بچایا گیا۔