سوشیل میڈیا

کھابی لیم ایک پوسٹ کے کتنے پیسے لیتا ہے؟ ٹک ٹاک اسٹار نے خود کیا انکشاف

کھابی لیم کو حال ہی میں ’’ہوگو باس‘‘ نے ان کے میلان فیشن ویک شو میں ریمپ پر واک کرنے اور واک کا ایک ویڈیو کلپ اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پوسٹ کرنے کے لئے ساڑھے چار لاکھ ڈالر ادا کئے تھے۔

حیدرآباد: ٹک ٹاک پر دنیا میں سب سے زیادہ فالوورس رکھنے والے اسٹار کھابی لیم نے انکشاف کردیا ہے وہ ایک پوسٹ کے کتنے پیسے لیتے ہیں؟ واضح رہے کہ کھابی لیم جون میں ٹک ٹاک کا سب سے مقبول ترین اسٹار بن گیا جس کے نام پر 142.8 ملین فالوورز ہیں – یہ تعداد اب بڑھ کر 149.5 ملین ہو گئی ہے۔

فورچیون کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کھابی لیم کے مینیجرالیسیندرو رجیو نے اب انکشاف کیا ہے کہ 22 سالہ نوجوان اس سال 10 ملین ڈالر کمانے کے راستے پر ہے۔ اس کی ٹک ٹاک کی شہرت اور اس کے بعد مختلف انڈورسمنٹس وغیرہ کی بدولت وہ اس سال ایک کروڑ ڈالر کمالے گا۔

کھابی لیم کو حال ہی میں ’’ہوگو باس‘‘ نے ان کے میلان فیشن ویک شو میں ریمپ پر واک کرنے اور واک کا ایک ویڈیو کلپ اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پوسٹ کرنے کے لئے ساڑھے چار لاکھ ڈالر (زائداز ساڑھے تین کروڑ ہندوستانی روپے) ادا کئے تھے۔

فارچیون کے جاری کردہ دستاویزات سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ ہالی ووڈ کے ایک بڑے اسٹوڈیو نے کھابی لیم کو ایک پوسٹ کے لئے ساڑھے سات لاکھ ڈالر (تقریباً 6 کروڑ ہندوستانی روپے) ادا کئے تھے۔

کھابی لیم کے نام کا اصل تلفظ ’’کھبی لامے‘‘ ہے اور اس کا پورا نام کھبانی لامے ہے۔ وہ سینیگال میں پیدا ہوا ایک مسلمان ہے۔ وہ 2001 میں اپنے خاندان کے ساتھ اٹلی ہجرت کر گیا۔ اس نے کورونا وائرس وبائی مرض کے آغاز میں بے روزگار ہونے کے بعد ٹک ٹاک پر ویڈیوز پوسٹ کرنے شروع کئے تھے۔ وہ اپنی خاموش ایکٹنگ اور سنجیدہ مزاح سے بہت جلد شہرت اختیار کرگیا۔

انڈیپنڈنٹ کے مطابق، لامے کے مینیجر کا کہنا ہے کہ لامے کو دولت سے دلچسپی نہیں ہے۔ وہ غریب تھا مگر اب بھی وہ نہیں جانتا کہ اس کے پاس بینک میں کتنا پیسہ ہے۔ اسے اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ لامے کا کہنا ہے کہ اسے لوگوں کو ہنسانا پسند ہے۔ وہ اپنے خاندان اور اپنی کمپنی سے محبت کرتا ہے۔

کھبانی لامے اب امریکی کارٹونس اور فلمیں دیکھ کر انگریزی پر عبور حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اسے ایک دن اداکار بننے کی امید ہے، اور اس کی واحد تمنا ہالی ووڈ اسٹار ول اسمتھ کے ساتھ فلم میں کام کرنا ہے۔