شوہر کا پتھر سے حملہ، حاملہ بیوی شدید زخمی، گچی باؤلی میں دل دہلادینے والا واقعہ (ویڈیو)
شہر حیدرآباد میں شوہر نے پتھر سے حاملہ بیوی پر حملہ کردیا جس کے بعد خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ صدمہ انگیز واقعہ سائبرآباد کمشنریٹ کے گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں اگرچہ کہ یکم اپریل کو پیش آیا مگر پیر کے روز یہ منظر عام پر آیا۔

حیدرآباد (آئی اے این ایس) شہر حیدرآباد میں شوہر نے پتھر سے حاملہ بیوی پر حملہ کردیا جس کے بعد خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ صدمہ انگیز واقعہ سائبرآباد کمشنریٹ کے گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں اگرچہ کہ یکم اپریل کو پیش آیا مگر پیر کے روز یہ منظر عام پر آیا۔
ہاسپٹل سے ڈسچارج کے بعد ملزم نے دواخانہ کے روبرو بیوی پر حملہ کیا۔حملہ کی یہ واردات سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی۔ بیوی اور اس شخص کے درمیان بحث وتکرار، جھگڑے کے بعد ملزم نے ایک بڑے پتھر سے بیوی کے سر پر بار بار حملہ کیا۔ بیوی کو مردہ سمجھ کر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ راہ گیروں نے خاتون کو زخمی حالت میں دیکھنے کے بعد پولیس کو الرٹ کیا۔ بعد ازاں اس زخمی خاتون کو نمس منتقل کردیا گیا۔
سرپر شدید چوٹیں آنے کی وجہ سے وہ کومہ میں چلی گئی۔ پولیس کے مطابق محمد بشارت نے اکتوبر 2024ء میں کولکتہ کی شبانہ پروین کے ساتھ محبت کی شادی کی تھی۔ یہ جوڑا حفیظ پیٹ کے آدتیہ نگر میں مقیم تھا۔ بشارت انٹرئیر ڈیزائنر کا کام کرتا ہے وہ گزر بسر کے لئے وقارآباد سے حیدرآباد منتقل ہوا اور آدتیہ نگر میں رہنے لگا جہاں اس کی شبانہ کے ساتھ محبت ہوگئی۔
قئے کی شکایت کے بعد پروین کو 29مارچ کو ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا۔ وہ 2ماہ کی حاملہ تھی۔ حالت بہتر ہونے کے بعد خاتون کو یکم اپریل کی رات ڈسچارج کردیا گیا۔ ہاسپٹل سے باہر آنے کے بعد دونوں میں کسی مسئلہ پر جھگڑا ہوگیا۔ بشارت‘بیوی کو لات مارتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد خاتون گرپڑی بعد ازاں ملزم نے ایک پتھر اٹھایا اور اس سے بیوی کے سرپر بار بار مارنے لگا۔
بیوی کو مردہ سمجھ کر وہ اپنی بائک سے فرار ہوگیا۔ راہ چلتے افراد کی اطلاع کے بعد پولیس مقام واردات پہنچی اور زخمی خاتون کو ہاسپٹل منتقل کردیا جہاں حاملہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ گچی باؤلی پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس نے ملزم بشارت کو گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا جہاں مجسٹریٹ نے ملزم کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔