حیدرآباد: انوارالعلوم کالج میں "اردو صحافت اور تحریک آزادی” کے موضوع پر سیمنار اور مزاحیہ محفل شعر کا کامیاب انعقاد
صدر اجلاس پروفیسر حاجی سجاد میمن نے کیا، جنہوں نے مہمانان خصوصی اور حاضرین کا خیر مقدم کرتے ہوئے اردو زبان اور اردو اہل کے حوالے سے موجودہ دور میں بے اعتنائی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو اردو کو ذریعہ تعلیم اپنانے پر بھی مبارکباد پیش کی۔
حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے مشہور تعلیمی ادارہ انوارالعلوم کالج کے شعبہ اردو کے زیر اہتمام چہار شنبہ 24 ستمبر کو دوپہر دو بجے ایک یادگار سیمنار اور مزاحیہ محفل شعر کا انعقاد کیا گیا۔ سیمنار کا موضوع "اردو صحافت اور تحریک آزادی” رکھا گیا تھا۔
صدر اجلاس پروفیسر حاجی سجاد میمن نے کیا، جنہوں نے مہمانان خصوصی اور حاضرین کا خیر مقدم کرتے ہوئے اردو زبان اور اردو اہل کے حوالے سے موجودہ دور میں بے اعتنائی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو اردو کو ذریعہ تعلیم اپنانے پر بھی مبارکباد پیش کی۔
مہمان خصوصی محترمہ پروفیسر عرشیہ جبیں نے سیمنار میں اپنا مفصل مقالہ پیش کیا، جس میں انہوں نے جنگ آزادی کے دوران اردو صحافیوں کی قربانیوں اور جدوجہد کو اجاگر کیا۔ ان کے مقالہ کو طلباء و طالبات اور مہمانان خصوصی نے خوب سراہا اور مبارکباد پیش کی۔
سیمنار کے بعد ایک مختصر مگر پُر لطف مزاحیہ محفل شعر منعقد ہوئی، جس میں ممتاز شعراء جناب فریدسحر اور جناب لطیف الدین لطیف نے طنز و مزاح سے بھرپور اشعار پیش کیے اور محفل کو زعفران زار کر دیا۔ شعبہ اردو کے کنوینر ڈاکٹر محمد عبد المغنی نے محفل کی نظامت احسن انداز میں کی۔
اس موقع پر مہمانان خصوصی اور وائس پرنسپل ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمان نے شال پوشی اور یادگاری تحائف پیش کیے۔ سیمنار کے انعقاد میں ڈاکٹر واجدہ بیگم، مس طلعت بیگم اور ڈاکٹر فریدہ تبسم نے اہم تعاون فراہم کیا۔ طلباء و طالبات نے پوری دلچسپی اور جوش و جذبے کے ساتھ محفل میں شرکت کی اور محفل کے اختتام تک لطف اندوز رہے۔
محفل کے اختتام پر مہمانان کے اعزاز میں پُرتکلف ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔