حیدرآباد: المعہد العالی الاسلامی کا ’’ملت اسلامیہ اور موجودہ حالات‘‘ کے موضوع پر سالانہ جلسہ
مولانا محمد عمر عابدین قاسمی مدنی نائب ناظم المعہد العالی الاسلامی کے پریس نوٹ کے مطابق ہفتہ 10 فروری م 29 رجب کو معہد کا 21 واں جلسہ تقسیم اسناد منعقد ہورہا ہے۔ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جلسہ کی صدارت کریں گے۔
حیدرآباد: مولانا محمد عمر عابدین قاسمی مدنی نائب ناظم المعہد العالی الاسلامی کے پریس نوٹ کے مطابق ہفتہ 10 فروری م 29 رجب کو معہد کا 21 واں جلسہ تقسیم اسناد منعقد ہورہا ہے۔ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جلسہ کی صدارت کریں گے۔
حضرت مولانا محمد حنیف لوہاروی شیخ الحدیث جامعہ قاسمیہ کھروڈ (گجرات) مہمان مقرر ہوں گے۔ اجلاس کی پہلی نشست صبح 11 بجے تا ظہر ہوگی جو معہد اور مدرسہ عبداللہ بن مسعود کے طلبا اور فضلا کے لئے مخصوص ہوگی۔ مجلس میں دیگر مدارس سے دورہ حدیث کی تکمیل کرنے والے فارغین بھی شریک ہوسکتے ہیں۔
اس موقع پر اساتذہ کرام فارغ ہونے والے طلبا کو مستقبل کے بارے میں اہم نصیحتیں کریں گے اور حضرت مولانا رحمانی مسلسلات اور حدیث کی نو اہم کتابوں کی اپنی اہم اور خصوصی سند سے اجازت دیں گے۔
دوسری نشست بعد نماز مغرب منعقد ہوگی۔ یہ عوامی اجلاس ہوگا جس کا موضوع ’’ملت اسلامیہ اور موجودہ حالات‘‘ ہوگا۔ صدر اجلاس کے علاوہ مہمان مقرر حضرت مولانا محمد حنیف لوہاروی اور شہر کی اہم شخصیتیں حضرت مولانا مفتی عبدالودود مظاہری (نائب شیخ الحدیث دارالعلوم سبیل السلام حیدرآباد)، محترم ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب (ڈائرکٹر شاہین گروپ بیدر)، مولانا ڈاکٹر محمد شہاب الدین سبیلی (اسوسی ایٹ پروفیسر ایفل یونیورسٹی، حیدرآباد) اور جناب محمد سلیم (سابق صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ) خطاب کریں گے۔
اجلاس میں مسئلہ فلسطین، یونیفارم سیول کوڈ، دینی مدارس کی اہمیت اور حکومت کا رویہ جیسے موضوعات پر خطاب ہوگا۔ مہمان مقرر مدرسہ عبداللہ بن مسعود کے طلبا دورہ حدیث کو حدیث کی مشہور کتاب بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے۔ مفتی اشرف علی قاسمی معتمد امور انتظامی و مفتی شاہد علی قاسمی معتمد تعلیم نے برادران اسلام سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔