حیدرآباد کے آٹو ڈرائیورس کیلئے حکومت کا بڑا تحفہ، کیا ہے نئی اسکیم؟ حکومت کا بڑا اعلان
تلنگانہ حکومت نے آٹو رکشہ ڈرائیورس کے لیے 220 کروڑ روپے کی لاگت سے آٹو نگر کالونی اسکیم منظور کرلی، حیدرآباد کے چار مقامات پر 2 ہزار سستے فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے حیدرآباد کے آٹو رکشہ ڈرائیورس کے لئے سستے مکانات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لئے حکومت نے 220 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی ہاؤسنگ اسکیم شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس اسکیم کو ’’آٹو نگر کالونی‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت حیدرآباد کے چار مختلف مقامات پر معاشی طور پر کمزور طبقہ (EWS) کے لئے 2 ہزار فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔
حکومت کی جانب سے جمعہ 13 نومبر کو جاری کردہ حکم نامہ کے مطابق یہ اسکیم ’’اندراماں اِنڈلو ٹاورس‘‘ کی طرز پر نافذ کی جائے گی۔ تلنگانہ ہاؤسنگ بورڈ کے وائس چیرمین اور ہاؤسنگ کمشنر نے آٹو رکشہ ڈرائیورس کے لئے خصوصی ہاؤسنگ اسکیم شروع کرنے کی تجویز حکومت کو پیش کی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے۔
حکم نامہ کے مطابق حیدرآباد کے چار علاقوں میں فی مقام 500 فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ ان میں بنڈلہ گوڑہ (ایل آئی سی کالونی)، گنڈم گوڑہ، پیٹ بشیرآباد اور جل پلی؍لکشمی گوڑہ شامل ہیں۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس اسکیم کے تحت مستحقین کے انتخاب، اہلیت، مالی امداد، ریزرویشن اور فلیٹس کی الاٹمنٹ کے لئے وہی قواعد و ضوابط اختیار کئے جائیں گے جو اندِراماں اِنڈلو ٹاورس اسکیم میں نافذ ہیں۔ تاہم اس اسکیم میں فلیٹس حاصل کرنے کے اہل صرف آٹو رکشہ ڈرائیورس ہوں گے۔
حکومت نے ریاست میں ہر غریب خاندان کو اپنا مکان فراہم کرنے اور تلنگانہ کو جھونپڑیوں سے پاک ریاست بنانے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا ہے۔