کھیل

کرکٹر سنجو سیمسن کا ایسا تحفہ، ساڑھے 10 سال سے ادھورا خواب ہوگیا پورا

سنجو سیمسن کی فاؤنڈیشن نے کیرالا کے ایک خاندان کا ساڑھے 10 سال سے ادھورا پڑا مکان مکمل کرادیا، کرکٹر کی والدہ نے خود گھر کی چابیاں حوالے کیں۔

کیرالا: ہندوستانی کرکٹر سنجو سیمسن کی فلاحی خدمات کا ایک اور خوبصورت منظر سامنے آیا ہے، جہاں ان کی فاؤنڈیشن نے ایک خاندان کے 10 سال سے زائد عرصہ کے انتظار کو ختم کرتے ہوئے اس کا ادھورا مکان مکمل کرادیا۔

سنجو سیمسن فاؤنڈیشن کی جانب سے 11 نومبر کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں سنجو سیمسن کی والدہ ایک خاتون کو ان کے مکمل گھر کی چابیاں حوالہ کرتی نظر آرہی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ ویڈیو سنجو سیمسن کی 32ویں سالگرہ کے موقع پر شیئر کی گئی۔

گھر کی چابیاں حاصل کرنے والی خاتون نے بتایا کہ ان کے مکان کی تعمیر کو شروع ہوئے ساڑھے 10 سال گزر چکے تھے۔ اس دوران خاندان نے کئی مشکلات کا سامنا کیا اور انہیں امید بھی نہیں رہی تھی کہ کبھی ان کا گھر مکمل ہوپائے گا۔

خاتون نے ویڈیو میں بتایا کہ انہیں اپنے گھر کی تکمیل کا یقین بھی نہیں تھا، لیکن سنجو سیمسن فاؤنڈیشن نے اس کام کی ذمہ داری لی اور ان کے ادھورے مکان کو مکمل کرادیا۔

انہوں نے سنجو سیمسن اور ان کی فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کا خاندان ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے اور انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔

سنجو سیمسن کی سالگرہ کے موقع پر سامنے آنے والی یہ ویڈیو ان کی کھیل کے میدان سے باہر فلاحی سرگرمیوں کو بھی نمایاں کرتی ہے۔ اس موقع پر ان کی والدہ کی جانب سے خود گھر کی چابیاں حوالہ کرنا خاندان کے لئے ایک یادگار لمحہ بن گیا۔