حیدرآباد: جواہر نگر میں غیر قانونی تعمیرات پر لگا بلڈوزر، ایچ ایم ڈی اے کی کارروائی
ایچ ایم ڈی اے ریئل اسٹیٹ ونگ نے پولیس کے تعاون سے بھاری مشینری لگا کر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا۔ عہدیداروں نے تجاوزات کرنے والوں کی بھی نشاندہی کی اور جواہر نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
حیدرآباد: حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایچ ایم ڈی اے) نے منگل کو جواہر نگر میں تین مکانات، پانچ تہہ خانے (سیلارس) اور بجلی کے کھمبوں کو منہدم کردیا۔
یہ تجاوزات (غیرقانونی قبضے) جواہر نگر کے مختلف سروے نمبروں کے تحت 3,000 مربع گز پر پھیلی ایچ ایم ڈی اے کی اراضی میں پائی گئیں جس کے بعد ان کے انہدام کی کارروائی انجام دی گئی۔
ایچ ایم ڈی اے ریئل اسٹیٹ ونگ نے پولیس کے تعاون سے بھاری مشینری لگا کر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا۔ عہدیداروں نے تجاوزات کرنے والوں کی بھی نشاندہی کی اور جواہر نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
ایچ ایم ڈی اے نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ تجاوزات کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ان تعمیرات کو ایچ ایم ڈی اے کی جاری مہم کے تحت مسمار کیا گیا ہے جو اس کے دائرہ اختیار میں تمام تجاوزات کو ہٹانے کے لئے شروع کی گئی تھی۔
ایچ ایم ڈی اے نے قبل ازیں غیرقانونی قابضین کو اراضی خالی کرنے کی نوٹس دی تھی کہ اسے رضاکارانہ طور پر خالی کر دیں اور متنبہ کیا کہ پورے ڈھانچے کو گرانے کے علاوہ پولیس میں شکایات بھی درج کرائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اپریل کے وسط میں ایک تجارتی اسٹیبلشمنٹ کو جو ٹیلا پور میونسپلٹی میں ایچ ایم ڈی اے کی زمین پر تعمیر کی گئی تھی، منہدم کردیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ابراہیم چیروو کے قریب چھ زیر تعمیر ولاز کو بھی بلڈوزر لگا کر توڑ دیا گیا تھا۔
ایچ ایم ڈی اے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے نوٹس دینے کی سرگرمی جاری رہے گی جس کے بعد مسماری کی جائے گی اور رئیل اسٹیٹ ونگ، تجاوزات کی جانچ کے لئے مختلف مقامات کا معائنہ کرتا رہے گا۔