حیدرآباد
ٹرینڈنگ

حیدرآباد: نامپلی میٹرو اسٹیشن کے انتہائی جدید 15 منزلہ ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر جلد مکمل ہوجائے گی

نامپلی میٹرو اسٹیشن کے قریب مکمل طور پر خودکار اور کمپیوٹرائزڈ 15 منزلہ ملٹی لیول کار پارکنگ (MLP) کامپلکس کی تعمیر تکمیل کے قریب ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ (HMRL) اسے تعمیر کررہا ہے۔ امکان ہے کہ اگلے ماہ تک آزمائشی مشقیں شروع ہوجائیں گی۔

حیدرآباد: نامپلی میٹرو اسٹیشن کے قریب مکمل طور پر خودکار اور کمپیوٹرائزڈ 15 منزلہ ملٹی لیول کار پارکنگ (MLP) کامپلکس کی تعمیر تکمیل کے قریب ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ (HMRL) اسے تعمیر کررہا ہے۔ امکان ہے کہ اگلے ماہ تک آزمائشی مشقیں شروع ہوجائیں گی۔۔

ایچ ایم آر ایل کی نصف ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جارہا انتہائی ضروری ملٹی لیول کار پارکنگ کامپلکس 10 پارکنگ فلورز اور 5 کمرشل فلورز کے ساتھ آنے والے مہینوں میں مکمل ہو کر خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار ہوجائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ کووڈ کے اثرات، قرض کے مسائل، عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں وغیرہ کی وجہ سے اس پروجیکٹ کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

اب تمام درآمد شدہ سامان (مشینیں اور آلات وغیرہ) پہنچ چکے ہیں اور ان کی جلد سے جلد تنصیب عمل میں لاتے ہوئے پارکنگ کامپلکس کو کارکرد کرنے کا منصوبہ ہے۔

حیدرآباد میٹر ریل لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے اتوار کو اس کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا۔

یہ پراجیکٹ PPP ماڈل یعنی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (سرکاری و خانگی شراکت داری) کی اساس پر 50 سال کی رعایتی مدت کے ساتھ تقریباً 80 کروڑ روپے کی لاگت سے بھاری انفرا پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے تیار کیا جارہا الٹرا ماڈرن ایم ایل پی کمپلیکس، جرمن پالس پارکنگ سسٹم کے ساتھ ہندوستان میں اپنی نوعیت کا پہلا کمپلیکس ہے۔

تقریباً 1,44,400 مربع فٹ کے کل تعمیر شدہ رقبے میں، 68 فیصد جگہ 250 فور وہیلرس اور 200 ٹو وہیلرس کی پارکنگ کے لیے مختص کی گئی ہے جبکہ بقیہ 32 فیصد جگہ دکانوں اور دو اسکرینوں والے فلم تھیٹر کے لئے تجارتی اغراض کے لئے مختص کی گئی ہے۔

یہ کمپلیکس جدید ترین خودکار پارکنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گا۔ کمپلیکس کے گراؤنڈ فلور پر چار ‘ان یا آؤٹ’ (I/O) ٹرمینلز ہیں جن میں ٹرن ٹیبل لگے ہوئے ہیں۔ گاڑی کا ڈرائیور آسانی سے کار کو نامزد I/O ٹرمینل کی ٹرن ٹیبل پر چھوڑ سکتا ہے جو اسے خالی جگہ پارک کرنے اٹھا لے جائے گا۔

این وی ایس ریڈی نے اشارہ دیا کہ ٹرن ٹیبل اتنی بڑی ہے کہ کسی بھی گاڑی کو آسانی سے اس پر چھوڑ دیا جا سکتا ہے۔ دہلی، ممبئی وغیرہ میں موجودہ چند دیگر خودکار پارکنگ کمپلیکس کے برعکس جہاں ڈرائیورس کو گاڑی کو محدود جگہ پر رکھنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔

پارک کی گئی گاڑی کو واپس لینے کے لئے پارکنگ فیس ادا کرنی ہوگی جس کے بعد ایک ٹرانسپورٹر شٹل، آپ کی گاڑی کو خود بخود واپس لاتا ہے۔ گاڑی کو ہمیشہ اس طرح ڈیلیور کیا جاتا ہے کہ باہر نکلنے کے لئے ریورس لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ایک انتہائی نفیس اور جدید و موثر پارکنگ سسٹم ہونے کی وجہ سے پارکنگ کے لئے آپ کو ایک منٹ سے بھی کم وقت لگتا ہے اور گاڑی واپس نکالنے کے لئے صرف 2 منٹ لگیں گے۔

این وی ایس ریڈی نے کہا کہ یہ انتہائی نفیس اور عالمی معیار کا پارکنگ کمپلیکس حیدرآباد کو ایک اونچے مقام پر کھڑا کرے گا اور ہندوستان میں پارکنگ کے ایک نئے انقلاب کا آغاز کرے گا۔

ایم ڈی نے کمپلیکس کے ڈیولپرز ڈاکٹر ہری کشن ریڈی اور بھاؤنا ریڈی پر زور دیا کہ وہ فنشنگ کا کام جلد مکمل کریں اور اگلے مہینے تک ٹرائل رن شروع کریں۔

a3w
a3w