Uncategorized

دو ہوٹل اور ہاسٹل بند، تقریباً 300 کلو غذائی اشیاء ضبط یا تلف، کئی مقامات پر کاکروچ اور گندگی کا انکشاف

کاکروچ، مکھیوں اور گندگی کے علاوہ غذائی اشیاء کو غیر محفوظ طریقے سے رکھنے کا انکشاف، آٹھ نمونے حاصل، تقریباً 300 کلو کھانے پینے کی اشیاء تلف

حیدرآباد۔ 18 نومبر : تلنگانہ میں فوڈ سیفٹی حکام نے صارفین کی شکایات پر حیدرآباد کے مختلف ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور ہاسٹلس میں خصوصی معائنہ مہم چلائی، جس کے دوران کئی مقامات پر سنگین بے قاعدگیاں سامنے آئیں۔ کہیں کاکروچ اور مکھیوں کی بھرمار تھی تو کہیں کچن میں گندے برتن، بند نالیاں اور کھانے کی اشیاء رکھنے کے غیر محفوظ طریقے پائے گئے۔

تلنگانہ اسٹینڈرڈس اتھارٹی فار فوڈ اینڈ اسینشل ڈرگس (TG SAFE) کی پانچ خصوصی ٹیموں نے 18 نومبر کو CURE ریجن میں 10 ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور ہاسٹلس کا معائنہ کیا۔ اس کارروائی کے دوران چار اداروں کے فوڈ سیفٹی لائسنس معطل کردیئے گئے، جبکہ دو دیگر اداروں کو بند کردیا گیا۔ حکام نے تقریباً 300 کلو غذائی اشیاء ضبط کرکے تلف کردیں۔

حکام کے مطابق سکندرآباد کے الفا ہوٹل اینڈ اسٹورس اینڈ لاج، وینگل راؤ نگر کے پانڈم کوڈی ریسٹورنٹ، جوبلی ہلز کے لہام ہاؤس اور گوڑی گوڑہ کے اسپائس کچن ریسٹورنٹ کے FSSAI لائسنس معطل کردیئے گئے ہیں۔ ان چاروں اداروں کو فوری طور پر کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

معائنے کے دوران الفا ہوٹل میں دیواروں، چھت اور ایگزاسٹ سسٹم کا پینٹ اکھڑا ہوا پایا گیا، جس کے ذرات کھانے میں گرنے کا خدشہ تھا۔ اس کے علاوہ بند نالیاں، اسٹور روم کے قریب پرندوں کی بیٹ، گندے واش روم، مکھیاں اور کاکروچ بھی پائے گئے۔ کھانے کی اشیاء لپیٹنے اور ڈھانپنے کے لیے اخبارات کا استعمال کیا جارہا تھا۔

اسپائس کچن ریسٹورنٹ کے کچن کے اندر ہی واش روم موجود تھا۔ یہاں نیم تیار کھانے کو کچے گوشت کے ساتھ رکھا گیا تھا، جبکہ سبزی خور اور گوشت والی غذائی اشیاء بھی ایک ساتھ رکھی گئی تھیں۔ کچن میں کاکروچ، گندے برتن اور لازمی ریکارڈس کی عدم موجودگی کا بھی انکشاف ہوا۔

پانڈم کوڈی ریسٹورنٹ میں کچن کی دیواروں اور چمنیوں پر چکنائی جمی ہوئی تھی، جبکہ کھانے کی اشیاء کاٹنے کی جگہ کے قریب زنگ آلود چھریاں پائی گئیں۔ کچن میں کاکروچ بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ ملازمین کی صحت اور پانی کے تجزیہ سے متعلق لازمی ریکارڈس بھی برقرار نہیں رکھے گئے تھے۔

لہام ہاؤس کے کچن میں کھلے کچرے کے ڈبوں کی وجہ سے مکھیاں پھیلی ہوئی تھیں۔ کچن کے داخلی راستے پر پانی جمع تھا، فرش ٹوٹا ہوا تھا اور نالیوں میں غذائی فضلہ موجود تھا۔ کچے اور نیم تیار کھانے کی اشیاء پر لیبل نہیں لگائے گئے تھے، جبکہ فریزر بھی بند پایا گیا۔ یہاں بھی ملازمین کی صحت اور پانی کے تجزیہ سے متعلق ریکارڈس موجود نہیں تھے۔

حکام نے راجیو نگر، کوکٹ پلی کے نیو بلیو اسٹار ریسٹورنٹ اور پنجہ گٹہ کے سری نواسا بوائز ہاسٹل کو بھی بند کردیا۔ یہ دونوں ادارے FSSAI لائسنس یا رجسٹریشن کے بغیر غیر صحت بخش حالات میں چلائے جارہے تھے۔

اسی طرح نظام پیٹ کے کے پی این فریش، بنجارہ ہلز کے لوازت حیدرآباد والا ریسٹورنٹ اور سرلنگم پلی کے پرنس عربین ریسٹورنٹ کو سنگین خلاف ورزیوں پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ نیو بلیو اسٹار ریسٹورنٹ اور سری نواسا بوائز ہاسٹل کو بھی نوٹس جاری کئے جائیں گے۔

سکندرآباد کے ایس ڈی روڈ پر واقع تتوا ہوٹل کو معائنے کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کے لیے اصلاحی نوٹس دیا جائے گا۔

اس خصوصی مہم کے دوران ملاوٹ کے شبہ میں کھانے کے آٹھ نمونے حاصل کئے گئے، جبکہ تقریباً 300 کلو غذائی اشیاء ضبط یا تلف کردی گئیں۔

حکام نے کہا کہ جن چار اداروں کے لائسنس معطل کئے گئے ہیں، ان کی تفصیلات آن لائن فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارمس سوئگی اور زومیٹو کو بھی فراہم کی جائیں گی، تاکہ FSSAI لائسنس بحال ہونے تک ان اداروں کو پلیٹ فارم سے ہٹایا جاسکے۔ خلاف ورزیوں کی بنیاد پر متعلقہ اداروں کے خلاف جرمانوں سمیت مزید کارروائی بھی کی جائے گی۔