حیدرآباد: منشیات کا پتہ چلانے مہاراشٹرپولیس کانسٹیبل نے لیب میں مزدورکے طورپر کام کیا
تلنگانہ کے چرلہ پلی میں جہاں مہاراشٹرپولیس نے مقامی پولیس کی مدد سے کمیکل لیب میں بڑی مقدار میں منشیات کا پتہ چلایامیں منشیات کی معلومات حاصل کرنے اورتفصیلات جمع کرنے کیلئے مہاراشٹرپولیس کے ایک کانسٹیبل کے یومیہ مزدور کے طورپرکام کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے چرلہ پلی میں جہاں مہاراشٹرپولیس نے مقامی پولیس کی مدد سے کمیکل لیب میں بڑی مقدار میں منشیات کا پتہ چلایامیں منشیات کی معلومات حاصل کرنے اورتفصیلات جمع کرنے کیلئے مہاراشٹرپولیس کے ایک کانسٹیبل کے یومیہ مزدور کے طورپرکام کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ چند روز قبل منشیات منتقل کرتے ہوئے گرفتار خاتون سے پوچھ گچھ کے بعد مہاراشٹر پولیس نے اس لیب پر نظررکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے حصہ کے تحت ایک آپریشن انجام دیاگیا۔
اس آپریشن کے تحت ایک ماہ قبل ہی مہاراشٹراپولیس کا ایک کانسٹیبل نے یومیہ مزدوری کی بنیاد پر اس لیب میں ملازمت اختیار کی اور وہاں کام کرنے والے افراد کے ساتھ گھل مل گیا۔ اس دوران اس نے خام مال، کیمیکلس اور منشیات کی تیاری پر نگرانی شروع کر دی۔
پولیس نے لیب میں منشیات بنانے کے ٹھوس شواہد جمع کئے اور اعلیٰ حکام کو رپورٹ دی۔ اس آپریشن کے دوران مزید چند مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے عملہ، ڈرائیورس اور یومیہ مزدور بھی لیب میں ملازمت کرنے لگے۔ منشیات تیار ہونے کی تصدیق کے بعد حکام نے منصوبہ بندی کے مطابق چھاپے مارے۔
ادھر تلنگانہ کے آبکاری حکام نے لیب پہنچ کر مزید معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں۔واضح رہے کہ مہاراشٹر پولیس نے اس لیب پر چھاپہ مار کر ایک بڑی منشیات بنانے والی فیکٹری کا پردہ فاش کیا تھا۔اس کارروائی میں 12 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 35,500 لیٹر کیمیکلس، 950 کلو گرام پاؤڈر اور 5.79 کلو گرام میفیڈرون برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق، ضبط شدہ مواد کی بین الاقوامی منڈی میں قیمت تقریباً 12,000 کروڑ روپے ہے۔اس کارروائی کا آغاز اگست 2025 میں بنگلہ دیشی شہری فاطمہ مراد شیخ کی گرفتاری سے ہوا، جو 105 گرام میفیڈرون کے ساتھ پکڑی گئی تھیں۔ اس کی پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ وہ ایک بڑے منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھی۔
بعد ازاں تحقیقات کے دوران اس لیب کا پتہ چلا، یہ خاتون میفیڈرون تیار کر کے ممبئی کے اسمگلروں کو فراہم کرتی تھی۔مہاراشٹر پولیس نے اس کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے، جس سے نہ صرف ریاستی بلکہ بین ریاستی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا ہے۔