حیدرآباد

حیدرآباد میں میٹا کے دفتر پر یوتھ کانگریس کارکنوں کا احتجاج، توڑ پھوڑ

سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کے خلاف احتجاج، دفتر میں داخل ہوکر فرنیچر اور دیگر سامان کو نقصان پہنچانے کا الزام، پولیس نے 21 کارکنوں کو حراست میں لے کر بعد میں رہا کردیا

حیدرآباد: حیدرآباد میں واقع میٹا ( Meta امریکہ کی ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہے، جس کے تحت کئی مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کام کرتے ہیں) کے دفتر میں جمعہ کے دن اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب یوتھ کانگریس کے قائدین اور کارکنوں نے دفتر میں داخل ہوکر احتجاج کیا اور مبینہ طور پر فرنیچر اور دیگر سامان کو نقصان پہنچایا۔ احتجاج کی وجہ کانگریس کارکنوں اور قائدین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کیا جانا بتایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یوتھ کانگریس کے کارکن تنظیم کے پرچم اٹھائے میٹا کے دفتر میں داخل ہوئے اور ’’میٹا ڈاؤن ڈاؤن‘‘ کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر انہوں نے پلے کارڈس بھی اٹھا رکھے تھے جن پر میٹا انتظامیہ سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے دباؤ میں کام نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

احتجاجیوں نے میٹا انتظامیہ کو انتباہ دیا کہ کانگریس قائدین اور کارکنوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں، بصورت دیگر میٹا کے دفاتر بند کرنے کی مہم شروع کی جائے گی۔

دفتر کے سکیورٹی عملے نے احتجاجیوں کو روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس دوران گملوں، فرنیچر اور دیگر سامان کو نقصان پہنچایا گیا۔ واقعہ کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

اطلاع ملنے پر رائے درگم پولیس وہاں پہنچ گئی اور احتجاجیوں کو روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس اور یوتھ کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوئی، جس کے باعث کچھ دیر تک دفتر کے احاطہ میں کشیدگی برقرار رہی۔

تلنگانہ یوتھ کانگریس نے بھی اس احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے میٹا پر اپوزیشن جماعتوں کے اکاؤنٹس بلاک کرنے اور آزاد آوازوں کو دبانے کا الزام عائد کیا۔

تنظیم نے اپنی پوسٹ میں میٹا سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی کے احکامات کے بجائے ہندوستان کے آئین کے مطابق کام کرے۔ یوتھ کانگریس نے مزید انتباہ دیا کہ سات دن کے اندر تمام اکاؤنٹس پر عائد پابندیاں ختم نہ کی گئیں تو میٹا کے دفاتر بند کرنے کی مہم چلائی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق رائے درگم پولیس نے اس واقعہ کے سلسلے میں 21 یوتھ کانگریس کارکنوں کو حراست میں لیا، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا۔