حیدرآباد کے کئی علاقوں میں 24 گھنٹے پانی کی سربراہی متاثر رہے گی
حیدرآباد کے بعض علاقوں میں پینے کے پانی کی سربراہی 24 گھنٹوں تک مکمل یا جزوی طور پر متاثر رہے گی۔ حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ (ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی) کے مطابق یہ خلل 21 نومبر کی رات 9 بجے سے 22 نومبر کی رات 9 بجے تک رہے گا۔
حیدرآباد: حیدرآباد کے بعض علاقوں میں پینے کے پانی کی سربراہی 24 گھنٹوں تک مکمل یا جزوی طور پر متاثر رہے گی۔ حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ (ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی) کے مطابق یہ خلل 21 نومبر کی رات 9 بجے سے 22 نومبر کی رات 9 بجے تک رہے گا۔
واٹر بورڈ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا کہ سورارم (Suraram) اور سائی بابا نگر وارڈس کے بعض علاقوں میں پانی کی سربراہی متاثر ہوگی۔ متاثرہ علاقوں میں وشواکرما کالونی، ویشنوِی نگر، ویما ریڈی نگر، لکشمی نگر، سورارم ولیج، تلگو تلی نگر، جئے بھیم نگر، مائتری نگر اور سورارم کالونی شامل ہیں۔
پریس نوٹ کے مطابق سورارم مین روڈ پر ملا ریڈی ہاسپٹل کے روبرو واقع 700 ایم ایم کی پینے کے پانی کی پائپ لائن کو منتقل کرنے کے کام کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوگی۔ یہ کام سورارم چیرو سے شیوالیہ نگر کے 14 ایم ایل ڈی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ تک 800 ایم ایم قطر کی سیوریج پائپ لائن کی تنصیب کے باقی ماندہ کام کو مکمل کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔ واٹر بورڈ کے مطابق سیوریج پائپ لائن کا تقریباً 95 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی نے متاثرہ علاقوں کے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں اور ضرورت کے مطابق پہلے ہی پانی ذخیرہ کرلیں۔