منگلورو: کرناٹک کے شہر منگلورو میں ایک خانگی میڈیکل کالج کے باہر ایک نوجوان خاتون کو مبینہ طور پر زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے جانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی دوپہر پیش آیا، جب چند افراد میڈیکل کالج کے احاطہ میں پہنچے اور مبینہ طور پر ایم بی بی ایس کی طالبہ کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر وہاں سے لے گئے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ طالبہ کو لے جانے والے افراد اس کے اپنے ہی خاندان کے ارکان تھے، جو اسے جنوبی کنڑ ضلع میں واقع اپنے گھر لے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاندان کے افراد کو ایک دوسرے فرقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے ساتھ طالبہ کی دوستی پر اعتراض تھا، جس کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار نے واضح کیا کہ خاتون بالغ ہے اور اسے اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔ خاندان کے افراد اسے اس کی مرضی کے خلاف زبردستی اپنے ساتھ نہیں لے جاسکتے اور نہ ہی اسے غیر قانونی طور پر حراست میں رکھ سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر اس واقعہ کی کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق اب اس معاملے میں خاندان کے ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ طالبہ فی الحال محفوظ ہے۔ اس کا باضابطہ بیان قلمبند کرنے کے لیے اسے طلب کیا جائے گا۔ اس کے بیان اور تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔