حیدرآباد

حیدرآباد: شہر میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع، تلنگانہ بھر میں جنوب مغربی مانسون سرگرم (ویڈیو دیکھیں)

جنوب مغربی مانسون تلنگانہ میں پہنچ گیا ہے جس نے چہارشنبہ کے روز زبردست بارش کے ساتھ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد اور آس پاس کے علاقوں کو جل تھل کردیا تھا۔

حیدرآباد: جنوب مغربی مانسون تلنگانہ میں پہنچ گیا ہے جس نے چہارشنبہ کے روز زبردست بارش کے ساتھ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد اور آس پاس کے علاقوں کو جل تھل کردیا تھا۔

موسلا دھار بارش کے نتیجے میں حیدرآباد بھر میں ٹریفک میں شدید خلل پڑا، گاڑیاں سڑکوں پر گھنٹوں تک پھنس کر رہ گئیں کیونکہ کئی سڑکیں زیر آب آ گئی تھیں۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شہر میں بارش کا امکان ہے لیکن اس کی شدت کل کی موسلادھار بارش سے کم ہوگی۔

تاہم 7 جون جمعہ کو شہر کے لئے موسلا دھار بارش کا اشارہ دیتے ہوئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

اگرچہ شہر میں جمعہ کو دوپہر کے وقت شدید درجہ حرارت کا سامنا ہو سکتا ہے تاہم شام تک بادلوں کے جمع ہونے کی توقع ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سیلسیس کے قریب پہنچ جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے ریاست کے اضلاع بشمول بھدرادری کوتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، رنگاریڈی، وقارآباد، ناگرکرنول، ونپرتی اور نارائن پیٹ میں زبردست گرج و چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

ان اضلاع میں 9 جون تک ایلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ریاست کے دیگر حصوں میں بھی بارش کی توقع ہے۔

چہارشنبہ کے روز نلگنڈہ، سوریہ پیٹ اور ناگرکرنول سمیت دیگر اضلاع میں رات بھر بارش ہوئی، کچھ مقامات پر 170-180 ملی میٹر کے درمیان شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ جن علاقوں میں گزشتہ سال خشک حالات کا سامنا تھا وہ اب قبل از مانسون کافی بارش دیکھ رہے ہیں۔ حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کے مسائل کو کم سے کم کیا جا سکے اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔