کوہ امام زین العابدینؑ میں اوقاف کی اراضی پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات، پولیس میں مقدمہ درج
حیدرآباد کے کوہ امام زین العابدینؑ میں اوقاف کی اراضی پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مقامی افراد کا احتجاج، بیرسٹر اسدالدین اویسی کی ہدایت پر رکن اسمبلی میر ذوالفقار علی جائے وقوعہ پہنچے، ترملگیری پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔
حیدرآباد کے علاقے کوہ امام زین العابدینؑ میں اوقاف کی اراضی پر مبینہ طور پر غیر قانونی تعمیرات کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں شکایت موصول ہونے کے بعد ترملگیری پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، اوقاف کی زمین پر غیر مجاز طریقے سے تعمیرات کی جارہی تھیں، جس پر مقامی افراد نے اعتراض کیا اور متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس معاملے کی اطلاع ملنے پر مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی کی ہدایت پر رکن اسمبلی چارمینار میر ذوالفقار علی مقامی نمائندوں کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انہیں فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر پولیس عہدیداروں نے احتجاج کرنے والوں کو یقین دہانی کرائی کہ اوقاف کی اراضی پر قائم غیر مجاز تعمیرات کو ہٹایا جائے گا اور اس معاملے میں ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔