مودی کی بات نہ مان کر غلطی کی : کمار سوامی
کمار سوامی نے جمعہ کو کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی بات نہ مان کر غلطی کی ، ورنہ وہ 2018میں چیف منسٹر بنتے۔
بنگلور: جنتا دل سیکیولر(جے ڈی ایس) کے لیڈر ایچ ڈی کمار سوامی نے جمعہ کو کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی بات نہ مان کر غلطی کی ، ورنہ وہ 2018میں چیف منسٹر بنتے۔ سابق چیف منسٹر نے حالانکہ یہ نہیں بتایا کہ وزیر اعظم اور ان کے درمیان کیا بات چیت ہوئی ۔
انہوں نے ریاستی اسمبلی میں کہا”جب میں وزیر اعلی تھا تب میری مودی سے ڈیڑھ گھنٹے تک بات چیت ہوئی تھی ۔ اگر میں نے ان کی بات مانی ہوتی تو میںوزیر اعلی بنارہتا۔ اسکے بر خلاف میں نے کانگریس کے تئیںوفاداررہنامنتخب کیاجو یہ ایک غلطی تھی ۔“
کرناٹک میں 2018اسمبلی انتخاب کے بعدکانگریس نے جے ڈی ایس کے ساتھ اتحاد کی حکومت بنائی اور کمار سوامی وزیر اعلی بنے۔ حالانکہ حکومت زیادہ دنوں تک نہیں چل پائی اورتشکیل کے تقریباایکسال کے بعدہی 2019میں حکومت گر گئی۔
کمارسوامی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کانگریس ایم ایل اے رضوان ارشدنے کہا کہ یہ اچھا ہے کہ ان کی پارٹی ان سے نہیں جڑی ہے۔حالانکہ، بی جے پی نے مسٹر کمار سوامی کے بیان پر یہ کہہ کرتبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ وزیر اعظم اور کمار سوامی کی بات چیت کے دوران ان کا کوئی بھی لیڈر موجود نہیں تھا ۔
کرناٹک بی جے پی کے نائب صدر بیوائی بجیندر نے کہا،”انہوں نے ایوان میں بہت ساری باتیں کہیں، لیکن میں مسٹر مودی اور کمار سوامی کے درمیان ہوئی بات چیت پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا ۔ مجھے نہیں پتہ کہ ان کے درمیان کیا بات چیت ہوئی ۔ “